• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث میزبان نیوزی لینڈ کو باآسانی 48 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز ایک ایک سےبرابر کردی۔

بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی کے باعث پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے202 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ ابتداء میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی کولن منرو تھے جو ایک رن بنا کر محمد عامر کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ان کے بعد ٹیم کے کپتان  کین ولیم سن آئے جو بغیر کوئی رن بنائے رومان رئیس کا شکار بنے۔

اس کے بعد چوتھے نمبر پر آنے والے ٹوم بروس کچھ نروس دکھائی دیئے اور جلدی رن لینے کے چکر میں وہ 11 کے انفرادی اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔

ان کے آوٹ ہوتے ہی ایک اینڈ سنبھالے ہوئے اوپنر مارٹن گپٹل کی مزاحمت بھی ٹھنڈی پڑ گئی اور وہ 26 رن بنا کر شاداب کی بال پر عمر امین کو کیچ دے بیٹھے۔

ویلر 20گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے احمد شہزاد اور فخر زمان نے اننگ کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے۔ احمد شہزاد 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ان کے فوراً بعد ہی فخر زمان 50 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد نے لاٹھی چارج کی ذمہ داری  سنبھالی اور وکٹ کے چاورں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

پاکستان کی اننگ کا اسکور کارڈ

انیس وے اوور میں جب ٹیم کا اسکور جب 188 رنز پہنچا تو سرفراز احمد 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے واپس چلے گئے۔

اس موقع پر بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے حسن علی کو اوپر بھیجا گیا، بابراعظم 50 اور حسن علی 6 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

 

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آکلینڈ کے ایڈن پارک گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ میچ میں شکست کی صورت میں پاکستان ٹی 20سیریز میں بھی شکست سے دوچار ہوجائے گا۔

آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ محمد نواز کی جگہ اوپنر احمد شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیم سن کی بطور کپتان واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ انہوں نے پہلے میچ میں سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے شرکت نہیں کی تھی۔

میچ میں پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، سرفراز احمد (کپتان)، عمر امین، حارث سہیل، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر اور رومان رئیس،

جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیم سن (کپتان)، ٹوم بروس، گلین فلپس، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، بین وہیلر، اش سودھی، سیٹھ رانسے اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین