• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسود قبائل کے عمائدین کی آئی جی سندھ سے ملاقات

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے محسود قبائل کے عمائدین نے ملاقات کی اور تحقیقاتی کمیٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ترجمان آئی جی سندھ کے مطابق نقیب اللہ محسود کیس کے حوالے سے محسود قبائل کے عمائدین کے ایک وفد نے رحمت خان محسود کی سربراہی میں آئی جی سندھ سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ آزادخان اور پی ایس او ٹو آئی جی سندھ سید سلمان حسین بھی موجود تھے۔

قبائلی عمائدین کے وفد نے تحقیقاتی کمیٹی اور اس کے ممبران پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ نقیب اللہ محسود پولیس مقابلے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی کی غیر جانبدارنہ اور شفاف انکوائری جیسے اقدامات پر ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے وفد سے کہا کہ پولیس کی جانب سے کیس کی تفتیش کو تمام پہلوؤں اور زاویوں سے انتہائی شفاف اور غیر جانبدار بناتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ جیسے بنیادی فرائض کی ادائیگی میں شب وروز مصروف عمل ہے اور قانون کا احترام ناصرف عوام بلکہ پولیس پر بھی لازم ہے اور اگر کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کا محاسبہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

تازہ ترین