لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے زینب زیادتی و قتل کیس کی روزانہ کی بنیاد پر 7دنوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا، مقدمے پر کارروائی کیلئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد کو تحریری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کے احکامات پر ایڈیشنل رجسٹرار نے نو ٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج کو پابند کیا گیا کہ انسداد دہشت ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ کا چالان پیش ہونے کے بعد مقدمہ پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرتے ہوئے 7 دنوں میں اس کا فیصلہ سنایا جائے،وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی تھی کہ زنیب قتل کیس کی روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بہاولپور میں ایک تقریب سے زینب کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا اعلان کیا تھا ۔