• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ نقیب ہلاکت کی تحقیقاتی رپورٹ آج پیش کریں گے

Ig Sindh To Present Investigation Report Of Naqeeb Encounter In Court Today

ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں بے گناہ شہری نقیب اللہ محسود سمیت 4 افراد کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کی تحقیقاتی رپورٹ آئی جی سندھ آج صبح سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔

13 جنوری کو ملیر پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں ان چاروں افراد کو دہشت گرد قرار دے کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد نقیب اللہ محسود کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصاویر اور فنکارانہ مصروفیات کے باعث سوشل میڈیا پر خوب لے دے ہوئی اور اس دوران پاکستانی میڈیا نے بھی اسے واقعہ کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس معاملے میں آواز اٹھائی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایڈیشنل آئی ڈی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا۔ کمیٹی نے تین دن میں ابتدائی رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کر دی تھی۔ سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کو تحقیقات کرکے 7 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی نے یہ رپورٹ آج صبح مکمل کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پولیس ہیڈ آفس میں رات بھر سرگرمیاں جاری رہیں اور تحقیقاتی ٹیم نے صبح 3 بجے تک کام کیا جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا دفتر بھی رات بھر کھلا رہا۔

کمیٹی کے ارکان نے رپورٹ کے مختلف نکات پر غور کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ 15 صفحات پر مشتمل ہے جس کے ساتھ مختلف شواہد بھی لگائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ صبح سویرے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ان کے گھر پر پیش کی گئی۔ جہاں رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کے مختلف نکات پرغور کیا گیا۔

رپورٹ صبح ساڑھے نو بجے سپریم کورٹ میں بینچ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین