• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کا پھنسے ہوئے کوہ پیما ؤں کیلئے پاکستانی کوششوں کا اعتراف

France Admits Pakistani Efforts To Save Mountaineers Stuck On Nanga Parbat

فرانس کی جانب سے پاکستان کی برف پوش خطرناک چوٹی نانگا پربت پر پھنسے دو یورپی کوہ پیماؤں کو نکالنے کے لیے پاکستان کی معاونت کو سراہا گیاہے۔

پاکستان آرمی کے ہیلی کوپٹر نے گزشتہ ہفتے ایک فرانسیسی خاتون اور ایک پولش باشندے کو نکالنے کے لیے ایک 4رکنی پولش کوہ پیما ٹیم کو دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سے نانگا پربت پہنچایا تاکہ وہ نانگا پربت پر پھنسے ہوئے ان دونوں یورپی کوہ پیماؤں کو نکال سکیں۔

گزشتہ ہفتے سے نانگا پربت پر لاپتہ پولش کوہ پیما تھامس میکویچ

فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو تو بحفاظت بچا لیا گیا لیکن پولش کوہ پیما کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔

پولینڈ میں فرانسیسی سفارت خانے نے نہ صرف پولش ٹیم کی امدادی کارروائی کی تعریف کی جنہوں نے فرانسیسی خاتون کو نکالنے کے لیے سرد ترین موسم میں انتہائی کاوش کی بلکہ اس سلسلے میں پاکستانی حکام کی معاونت کو بھی سراہا ہے۔

پولش کوہ پیما تھامس مکیویچ، خاتون فرانسیسی کوہ پیما الزبتھ ریول کے ہمراہ انتہائی برفانی اور ٹھنڈے موسم کا شکار ہوکر نانگا پربت پر پھنس گئے تھے۔

فرانسیسی خاتون کے پاؤں شل ہوگئے تھے اور پولش کوہ پیما کی بینائی پر برا اثرا پڑا تھا۔

تھامس وہ پہلے پولش کوہ پیما ہیں جنہوں نے سردیوں میں نانگاپربت کو سر کرنے کی کوشش کی ہے۔

آج سے دو سال قبل اٹلی کے ایک کوہ پیما سیمون مورو، اسپین کے الکس ٹیکسیکون اور پاکستانی علی سدپارہ نے سردیوں میں اس خطرناک چوٹی کو سر کیا تھا۔

پولینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شفاعت احمد کلیم نے روزنامہ جنگ سے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کچھ پولش باشندوں نے بھی وارسا میں ہمارے سفارتخانے سے رابطہ کرکے پاکستان کی امداد کو سراہا ہے۔

پاکستانی سفارتکار نے پولش کوہ پیما کی گمشدگی پر افسوس ظاہرکیا اور ان کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ پولش کوہ پیما کی ٹیم نے دارالحکومت وارسا میں پاکستان کے سفارتخانے سے ہی پاکستان کا ویزا حاصل کیا تھا۔

پولینڈ میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مش شفاعت احمد کلیم نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے

شفاعت احمد کلیم نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پیشہ وارانہ سفارتکاری کے ذریعے پاکستان کے یورپ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایاجاسکے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خوبصورت مقامات اور بلند بالا پہاڑی چوٹیاں، یورپی سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی دلچسپی کا باعث ہیں اور بہترین سفارتی رویے سے پاکستان میں سیاحت کو مزید فروغ دیاجاسکتاہے۔

تازہ ترین