• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی نظریاتی جماعت ،جڑیں عوام میں ہیں،چوہدری محمد یٰسین،پیٹربرامیں تنظیم نو

پیٹربرا (خالد محمود جونوی) آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے اور اسکی جڑیں عوام میں ہیں۔ یہ جماعت نہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے بلکہ ہر مرحلے پہ اس نے کارکنوں کی عزت نفس بحال کرتے ہوئے انہیں عزت و تکریم بھی دی۔ چوہدری محمد یٰسین پیٹربرا کی کاروباری شخصیت چوہدری محمود فضل کی جانب سے استقبالیہ تقریب اور مقامی برانچ کی تنظیم نو کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجتماع سے اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نظریاتی کارکن کا بہترین پلیٹ فارم پیپلز پارٹی ہی ہے۔ تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود عوام سے پارٹی کی محبت کو نہ نکالا جا سکا۔ یہ پارٹی ہی تھی جس کےپلیٹ فارم سے ہی4مرتبہ وزیر، سینئر وزیر سمیت اور قائد حزب اختلاف منتخب ہوا۔ یہ عہدے اور ذمہ داریاں سب کارکنوں اور پارٹی کی امانت ہیں جہاں تک ہو سکا عوام کی بہتر ترجمانی کرنے کی کوشش بھی کی۔ پیٹربرا میرا دوسرا گھر ہے۔ آزاد کشمیر کی سیاست میں حصہ لینے سے قبل میری سب سے پہلی میٹنگ اسی شہر میں ہوئی تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو حقیقی معنوں میں پاکستان کے ہی نہیں عالم اسلام کے محسن تھے۔ ان کی شہادت کے بعد آج پورا عالم اسلام دور یتیمی سے گزر رہا ہے۔ دنیا کے تمام پلیٹ فارم تو مسلمانوں کے پاس موجود ہیں مگر ان کے پاس بھٹو جیسی کرشماتی شخصیت کا لیڈر موجود نہیں جس کے باعث مسلمان آج ہر جگہ رسوا اور بے توقیر ہو رہے ہیں۔ بھٹو نے متفقہ آئین دیا، اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کی، ایٹمی طاقت کی بنیاد رکھی جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی میں ملک کو سرخرو کیا۔ آج ملک میں ن لیگ سی پیک کا کریڈٹ لینے کی فضول مشق تو کرتی ہے لیکن بچہ بچہ اس حقیقت سے واقف ہے یہ پیپلز پارٹی کا ایک بڑا اہم کارنامہ ہے۔ چوہدری یٰسین نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں مختصر وقت میں ہم نے تین میڈیکل کالجز دیئے۔ اس سے پہلے یہاں کے طلبہ کو میڈیکل کے شعبے میں داخلے کے لئے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں جانا پڑتا تھا۔ آزاد کشمیر کی یونیورسٹی کو اپ گریڈ کیا۔ انہوں نے نو منتخب عہیدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئی تنظیم سے انہیں بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔ پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی جنہوں نے تقریب کی صدارت کی اور خطاب میں کہا کہ اوورسیز کمیٹی کے کارکن چوہدری محمد یٰسین نے پارٹی کی تنظیم سازی میں بڑی معاونت اور مدد کی۔ تنظیم سازی نہ ہونے کے باعث کارکن مایوس ہو چکے تھے۔ نئے سیٹ اپ میں نظریاتی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ مقامی برانچ ہمیشہ متحرک رہی ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کارکنوں کا حوصلہ بلند کرنے اور ان کی جدوجہد کے اعتراف میں یہاں آئیں۔ اظہر اقبال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہی مضبوط وفاق کی علامت ہے عام جماعتوں میں صرف کارکن قربانیاں دیتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس میں سیاسی رہنمائوں نے خود قربانیاں دیکر جمہوریت کو مضبوط کیا۔ محمد اسلم انقلابی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے عوام کو حقیقی معنوں میں عشق ہے۔ قائد اعظم کے بعد بھٹو شہید ہی واحد ایسے رہنما ٹھہرے جنہیں قوم نے بڑی عزت و توقیر سے نوازا۔ چوہدری عبدالعزیز نے تجویز دی کہ برطانیہ سمیت ملک بھر میں ضلعی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں تاکہ مایوس کارکنوں کو ایک مرتبہ پھر قومی دھارے کی سیاست میں لایا جائے۔ سابق میئر چوہدری محمد ایوب نے کہا کہ نئی تنظیم میں شامل لوگ ایک نئے جذبے و لگن سے پارٹی کے لئے کام کریں گے۔ چوہدری محمد مقبول نے کہا کہ وہ نئی ذمہ داریوں کو ایک مشن سمجھ کر کام کریں گے۔ اس وقت ملک میں جو سیاسی عدم استحکام ہے یہ پیپلز پارٹی ہی اسے ختم کر سکتی ہے۔ پارٹی بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے چوہدری عبدالمجید اور چوہدری یٰسین کی سرپرستی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر منظم و فعال ہو رہی ہے۔ ان کے علاوہ متعدد دوسرے سیاسی و سماجی رہنمائوں نے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ تمام تر سازشوں اور ہتھکنڈوں کے باوجود نہ کوئی آج پارٹی کو ختم کر سکا اور نہ ہی اسٹیبلشمنٹ اس کی مقبولیت کم کر سکی۔ ان کی جڑیں عوام میں ہیں۔ پارٹی کا کارکن ہونا ایک عام نظریاتی کارکن کے لئے ہمیشہ اعزاز رہا ہے۔ تقریب کا آغاز مظہر اقبال نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ نظامت برانچ کے سیکرٹری جنرل ارشد محمود نے کی۔ تقریب میں شہر کے مختلف سیاسی و سماجی رہنما موجود تھے۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی پیٹر برا کی تنظیم نو چوہدری مقبول حسین صدر، ارشد محمود جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ دیگر عہدیداران میں چوہدری مظہر اقبال ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، طارق محمود جوائنٹ سیکرٹری چوہدری عنایت سینئر نائب صدر، ساجد اقبال نائب صدر اور اصغر علی نائب صدر منتخب ہو گئے۔ چوہدری محمد یٰسین نے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیم نظریاتی کارکنوں پر مشتمل ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کارکنوں کو ان کی صلاحیتوں کے حوالے سے مقام دیا ہے۔ پیپلزپارٹی برطانیہ کے جنرل سیکرٹری اطہر اقبال بڑالوی نے کہا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی کے باعث ہم بکھرے ہوئے کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ متعدد شہروں میں نئی برانچیں تشکیل دی جا سکی ہیں۔ ان کے علاوہ چوہدری مقبول حسین، ارشد محمود، عنایت میراں، اصغر علی، مظہر اقبال ، ساجد اقبال اور طارق محمود نے اپنے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ نئی ذمہ داریوں کو وہ ایک مشن سمجھ کر قبول کریں گے۔
تازہ ترین