• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت افضل گورواور مقبول بٹ شہید کے جسد خاکی ورثا کے حوالے کرے،تحریک حق خودارادیت

مانچسٹر (جنگ نیوز) کشمیری حریت پسندوں محمد افضل گورو شہید اور مقبول بٹ شہید کے جسد خاکی ان کے ورثا کے حوالے کئے جائیں۔ پھانسیاں، گولیاں، قید و بند اور ظلم و تشدد کشمیریوں کی تحریک آزاد کو نہیں دبا سکتے، اوورسیز کشمیری سفارتی محاذ پر، ہر ایوان اور ہر سیاستدان سے مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے اور شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل ریاستی عوام کا حق خودارادیت ہے جس کے حصول کے لئے مہم جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محمد افضل گورو شہید کی پانچویں برسی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی یورپی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے انسانی حقوق کے ترجمان واجد خان ایم ای پی تھے۔ صدارت تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔ اس موقع پر تحریک کی برطانیہ میں چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، وائس چیئرمین امجد حسین مغل، مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی، مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر راجہ محمد یوسف بندوروی، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن برطانیہ راجہ محمد مقصود کا کڑوی، ساتھ ساتھ کمیونٹی گروپ کے چیئرمین سید اظہر حسین شاہ تحریک کی مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان، نائلہ شریف، مولانا شاجہان مدنی، یوتھ رہنما طاہر نوید اور دیگر رہنمائوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیری شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ واجد خانMEP نے کہا کہ انہیں حال ہی میں لیبر پارٹی نےانسانی حقوق کا یورپی پارلیمنٹ میں ترجمان مقرر کیا ہے اور میں نے سب سے پہلے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھا کر اپنا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم، پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال اور کشمیریوں کی مسلسل گرفتاریوں پر برٹش کشمیریوں کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہیدادروں راجہ نجابت حسین، کونسلر یاسمین ڈار اور نائلہ شریف کے دورہ برسلز کی روشنی میں مہم نے اگلے چند ماہ کے لئے یورپی پارلیمنٹ میں موثر لابی کا اہتمام کیا ہے جس میں یورپ کے تمام ممالک سے ممبران پارلیمنٹ کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ہمنوا بنا کر ایک مفصل بحث بھی کرائی جائےگی۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کشمیری گزشتہ ایک سو سال سے اپنی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنے وطن کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے دہلی کی تہاڑ جیل میں مدفون کشمیری شہدا افضل گورو شہید اور مقبول بٹ شہید کو ان کی قربانی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کے وہ بھارت پر دبائوڈالیں کہ ان دونوں شہیدوں کے جسد خاکی ان کے ورثا کے حوالے کئے جائیں تاکہ انہیں اسلامی رسم و رواج کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے قبرستان شہدا میں دفن کیا جائے۔ تحریک کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار نے نارتھ آف انگلینڈ کے تمام کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بلاامتیاز سیاسی وابستگی کشمیریوں کے قومی دنوں پر مظاہروں اور تقریبات میں شریک ہو کر ملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں چوہدری محمد بشیر رٹوی نے کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ہمیں بھی اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی ہوگی۔
تازہ ترین