• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری کے نوجوان نےرینجرز ہیڈ کوارٹر میں رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کروادیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری کے رہائشی نوجوان نے رینجرز ہیڈ کوارٹر میں پہنچ کر رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کروادیا، رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ جمعہ کو لیاری کے علاقے سنگھو لین کا رہائشی نوجوان حسیب محمد شعیب عرف حسیب باکسر جذبہ حب الوطنی اور قانون کی پاسداری کے تحت رضاکارانہ طور پر ایک 30بور پستول بنا لائسنس کے ہمراہ رینجرز ہیڈ کوارٹر 50ونگ عبداللہ شاہ غازی پہنچا اور اسلحہ جمع کروادیا ،ونگ کمانڈر سے ملاقات کے دوران حسیب محمد نے کسی بھی غیر قانونی اور مجرمانہ فعل میں دوبارہ ملوث نہ ہونے کا اعادہ کیا ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اسے اس مثبت عمل کی ترغیب پاکستان رینجرز سندھ کی ان کاوشوں کی وجہ سے ملی جو کہ لیاری کے نوجوانوں کو ان کی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق قومی دھارے میں لانے کے لیے کی گئی ہے ،نوجوان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ لیاری کے ان نوجوانوں جو کہ جرائم میں ملوث ہیں انہیں اس مثال کی تقلید کرنے کی ترغیب دے گا تاکہ لیاری کی اصل پہچان کو بحال کیا جاسکے ۔
تازہ ترین