• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ انتخابات پیپلزپارٹی تنہا لڑے گی، بلاول

Ppp To Run For Polls Alone Bilawal

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات پیپلزپارٹی تنہا لڑے گی، الیکشن کے بعد اتحاد کی بات ہو سکتی ہے تاہم کراچی میں تھوڑی بہتری آئی ہے مزید بھی آجائےگی۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے انڈرپاس، سڑکیں بنائیں، وفاق بھی کراچی پر توجہ دے جبکہ مشرف دور میں کراچی کو خصوصی پیکج دیا جاتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ہمیں بتائے کہ اس کا کیا منصوبہ، کیا اسٹریجی ہے؟ کیا امریکا ہمیشہ افغانستان میں رہے گا؟ اور کیا افغانستان پُرامن ہوگا تو پاکستان پُرامن ہوگا، اپنی کوتاہیوں کو چھپانےکے لیے الزام تراشی نہ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، جس کی و جہ سے دنیا کے سامنے اپنا مؤقف موثر انداز میں پیش نہیں ہو سکا۔

بلاول نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں جبکہ امریکا کے اسکولوں میں بھی دہشت گردی کےواقعات ہوتےہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی عالمی مسئلہ ہے، ہمیں مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، یہ ایک طویل مدتی جنگ ہےجبکہ موجودہ صورتحال بہت خطرناک ہےاور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہورہا۔

 

تازہ ترین