• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو زہریلا پانی دینے سے بہتر ہے، سپلائی بند کردیں، جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم

سکھر (چوہدری محمد ارشاد/بیورو رپورٹ) واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم شہریوں کو گندا پانی فراہم کئے جانے پر انتظامی اور میونسپل افسران پر برس پڑے، پانی کے تالابوں کے معائنہ کے دوران صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو پینے کے لئے جو پانی فراہم کیا جارہا ہے وہ انسان تو بہت دور جانوروں کے استعمال کے قابل بھی نہیں۔ انہوں نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ سے استفسار کیا کہ آپ یہ پانی پی سکتے ہیں؟ خدا کا خوف کریں، ہم نے مرنا بھی ہے، اللہ کو جان دینی ہے، وہاں کیا منہ دکھائینگے اور کیا جواب دینگے؟ زہریلا پانی دینے سے بہتر ہے کہ سپلائی بند کردیں، جب تک یہ پانی آپ اور ہمارے پینے کے قابل نہیں ہوجاتا اس وقت تک لوگوں کو یہ پانی فراہم نہ کیا جائے۔ میئر سکھر نے شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی، جس پر واٹر کمیشن کے سربراہ نے ایک ماہ میں معاملات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سندھ میں عوام کو فراہم کئے جانیوالے پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل کردہ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نواب شاہ اور خیرپور کے بعد سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر پہنچ گئے۔ مختلف واٹر سپلائی اسکیموں کا دورہ کرکے پانی کے تالابوں کا معائنہ کیا۔ شہریوں کو پانی سپلائی کرنیوالی بندر روڈ پر واقع مین واٹر سپلائی اسکیم کے دورے کے موقع پر وہاں پر پانی کے تالابوں کی صورتحال دیکھ کر واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وہاں موجود میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ و دیگر انتظامی و میونسپل افسران پر برس پڑے اور میئر سکھر ارسلان شیخ سے استفسار کیا کہ کیا یہ پانی آپ پیتے ہیں؟ میئر سکھر نے کہا کہ ایک ہفتے کی مہلت دیں، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائینگے۔ اس موقع پر واٹر کمیشن کے سربراہ نے پانی کی ٹیسٹنگ کیلئے قائم لیبارٹری کا دورہ کیا اور اس کی صورتحال پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے میئر سکھر سے کہا کہ یہاں پر ٹیکنکل اسٹاف کی کمی کیوں ہے؟ میئر سکھر نے بتایا کہ کوئی ٹیکنیکل اسٹاف دینے کیلئے تیار نہیں ہے، جس پر واٹر کمیشن کے سربراہ نے ان سے کہا کہ وہ میئر ہیں اور میئر بنیں۔ واٹر کمیشن کے سربراہ نے پانی اور لیبارٹری کی صورتحال کو ایک ماہ میں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین