• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام ترقی کی مخالفت کرنیوالوں سے حساب لینگے، شہباز شریف

لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی، عوام ترقی کی مخالفت کرنیوالوں سے حساب الیکشن میں لینگے،ترقی کے تیز رفتار سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، عمران نیازی نے جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں،ہم نےترقیاتی منصوبوں میں 682ارب روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں نیا ریکار ڈ قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارجاری اپنے ایک بیان اور بعد ازاںسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں کی ترقی اپنی مثال آپ ہے اورہم نے ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور استعمال میں پنجاب سرفہرست ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخ ساز کارنامہ ہے ۔ ملک میں ایک عرصے سے چھائے ہوئے اندھیروں کو ختم کیاہے اور جتنی محنت کیساتھ توانائی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے ،اس کی مثال پاکستان کی70سالہ تاریخ میں موجود نہیں۔آج ملک میں لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ ہم نے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے اور ہمارے تمام اقدامات عوام کی ترقی و خوشحالی کے مظہر ہیں۔ دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اوراپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایااوران حکمرانوں کی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ہی ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔
تازہ ترین