• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پنجاب منافقانہ پالیسی ترک کرے،حنیف جالندھری

ملتان(سٹا ف رپو ر ٹر ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے رابطہ سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دینی مدارس اور علماء کرام پر زمین تنگ کی ہوئی ہے۔ اتحاد تنظیمات مدارس کے رہنما مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کی شرعی حیثیت کے بارے میں غور وفکر کر رہے ہیں۔ آئندہ الیکشن سے پہلے فتویٰ جاری کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جنوبی پنجاب کے مسئولین اور جامعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیٹرز کی بھرتی میں فضلاء کی نظراندازی، مدارس کی رجسٹریشن پر پابندی، قربانی کی کھالوں پر پابندی، بے گناہ علماء کرام کو فورتھ شیڈول کرنے جیسے اقدامات، ظالمانہ اور غیر انسانی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ان اقدمات کو قوم نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مدارس کو قومی دھارے کے دعوے کرنے والے مدارس کودیوار کے ساتھ لگا رہے ہیں۔ مدارس رجسٹریشن کے لئے دفتروں کے چکر کاٹ رہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب رکاوٹیں ڈال رہی ہے، حکومت پنجاب منافقانہ پالیسی ترک کرے، حکومت قانون شکنی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ مولانا زبیراحمد صدیقیؔ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ان اقدامات کے خلاف اب عدالتوں کادروازہ کھٹکھٹایا جارہا ہے۔ اجلاس میں وفاق المدارس کے راکین مجلس عاملہ ،مولانا ارشاد احمد، مولانا محمد ظفراحمد قاسم بھی موجود تھے۔ وفاق المدارس جنوبی پنجاب کے مسئولین مولانا محمد نواز ملتان، مولانا حبیب الرحمن لوھراں، مولانا مفتی محمد مظہر شاہ اسعدی بہاولپور، مولانا معین الدین وٹو بہاولنگر، مولانا محمد عامر فاروق عباسی رحیم یار خان، مولانا محمد عمر قریشی مظفرگڑھ، مولانا عبدالمجید مظفرگڑھ ،مولانا عبدالرحمن لیہ ،مفتی خالد محمود، مولانا رشید احمد شاہ جمالی، مفتی محمدزبیروہاڑی نے امتحان1439ھ کے بارے میں انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
تازہ ترین