• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظار قتل کیس،مقدمے کی پیروی کرنیوالا سرکاری وکیل اچانک تبدیل

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت کی طرف سے انتظار قتل کیس کی پیروی کرنے والا وکیل اچانک تبدیل کر دیا گیا۔ عبدالرزاق گجر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج 6 نمبر سے 9 نمبر میں تعینات کر دیا گیاہے۔ذرائع کے مطابق، عبد الرزاق گجر نے ملزمان سے رعایت برتنے پر انکار کر دیا تھا، ملزمان کو با اثر افسران کی پشت پناہی حاصل ہے، کیس کا چالان تاحال پیش نہیں کیا جا سکا۔ ملزمان کے خلاف قتل اور قتل خطا کی دفعات لگانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب انتظار قتل کیس پر سی ٹی ڈی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے انتظار کو جان بوجھ کر قتل کیا۔ انتظار کے قتل میں پولیس اہلکار بلال اور دانیال براہ راست ملوث ہیں۔ رپورٹ میں انتظار کے قتل کیس سازش یا منصوبہ بندی میں ایس ایس پی مقدس حیدر کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد نہ ملنے کا ذکر کیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ انتظار قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ دو روز میں عدالت میں جمع کرا دی جائے گی ۔ ملزمان کی نامزدگی کا فیصلہ عدالت کریگی۔انتظار کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس نے میرے بیٹے کے قتل کے کئی شواہد مٹا دیئے ہیں، تحقیقات کے حوالے سے نئی جے آئی ٹی بھی نہیں بنائی گئی۔ایس ایس پی مقدس حیدر کی بھتیجی ماہ رخ میرے بیٹے کی دوست تھی، ماضی میں ایس ایس پی مقدس حیدر کے بھائی نے مجھے فون کر کے ٹیلی فون پر دھمکیاں بھی دی تھیں۔ جس کے بعد میں نے انتظار کو ملائیشیا بھیج دیا تھا۔ انتظار کے والد اشتیاق احمد نے انصاف نہ ملنے پر بھوک ہڑتال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین