• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ ریونیوکے برطرف ملازمین کو بحال اورمستقل کرنےکا حکم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے محکمہ ریونیو ضلع بدین کے 5برطرف ملازمین کی جانب سے ملازمت پر بحال اور مستقل کرنے کی درخواست پر بدھ کوسیکریٹری بورڈ آف ریونیو اور ڈپٹی کمشنر بدین کے جواب کے بعدبرطرف ملازمین کو 3ماہ میں بحال اور مستقل کرنے کاحکم دیتے ہوئے عملدرآمد کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ضلع بدین کے محکمہ ریونیو کے 5برطرف ملازمین محمدصادق سولنگی، اصغر علی، دیدام میگھواڑ، انورعلی اور سعید کی جانب سے دائردرخواست میں کہاگیاتھا کہ 2009میں حکومت سندھ نے قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھنےکے بعد بھرتی کیاتھا،ملازمت کے 3سال مکمل ہونے کے بعدمستقل کرنے کے بجائے انہیں برطرف کردیاگیا جس کے خلاف انہوں نے 2012ءمیں سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی عدالتی احکامات پر سندھ حکومت نے معاملہ کی انکوائری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی کمیٹی نے انکوائری کے بعد برطرف ملازمین کوبحال اور مستقل کرنے کی سفارش کی تھی لیکن کمیٹی کی رپورٹ کے باوجود انہیں ابھی تک ملازمت پر بحال نہیں کیاگیاہے ۔ عدالتی احکامات پربدھ کو سیکریٹری بورڈ آف ریونیو سندھ منورعلی مہیسر اورڈپٹی کمشنر بدین بابر نظامانی پیش ہوئے اورکہا کہ انہیں برطرف ملازمین کی بحالی اورمستقل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، ملازمین کومستقل کرنے کے لئے مہلت دی جائے، عدالت نے سیکریٹری بورڈ آف ریونیو، ڈپٹی کمشنر کے جواب اوردرخواست گذاروں کے وکیل کے دلائل کے بعد حکم دیا کہ تین ماہ میں حکومتی کمیٹی کی سفارش کے تحت برطرف ملازمین کومستقل کرکے عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے۔
تازہ ترین