• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ فائنل، سیکورٹی کی ذمہ داری مرکزی و صوبائی اداروں کےسپرد، کمانڈوز بھی تعینات ہونگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن تھری میگا ایونٹ ہے، ہم سب نے مل کر اس کو کامیاب بنانا ہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے وزیراعلی ہاؤس میں پی ایس ایل کی تیاریوں سے متعلق اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری رضوان میمن، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ میچز کی تیاریوں سے متعلق مربوط اور فول پروف سیکیورٹی پلان کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس میں ملک کے اہم تینوں اہم فوجی اور سول سیکورٹی اداروں نے تیاریوں کی نگرانی کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا کہ اسٹیڈیم اور اردگرد کا کنٹرول مرکزی و صوبائی سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کے علاوہ کمانڈوز تعینات ہوں گے۔ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ٹھوس اور مربوط حکمت عملی پر مشتمل سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے۔ انہوں نے پی ایس ایل سے متعلق اپنی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جو مرحلہ وار اپنا اپنا ورک پلان بھیجی گی۔ ایس ایس پی سیکیورٹی جاوید مہر نے کہا کہ آئی جی پولیس نے سیکیورٹی کمیٹی بنائی ہے جو کہ پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام روزانہ کی بنیاد پر آپس میں رابطے میں رہیں گے جس پر وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں شہری مسائل کے حل کیلئے ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اسٹیڈیم کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے اور ٹریفک کے متبادل راستے پہلے سے عوام کو بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو پابند کیا کہ پی ایس ایل ایونٹ ہمارے عوام کےلئے ہے اور اس ایونٹ سے کسی قسم کی بھی عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلی سندھ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لئے آغا خان و لیاقت نیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لئے رابطہ کریں۔ سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے بتایا کہ میچ کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے گی اور 11 تاریخ کو صبح 10 بجے کی ریہرسل کےلئے بھی یہی ہیلی کاپٹرز استعمال ہونگیں۔ ریہرسل ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم تک ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل کی تیاری سے متعلق آئندہ اجلاس 14 فروری کو طلب کرلیا ہے۔ 
تازہ ترین