• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کو کروڑوںکے نقصان کا خدشہ،اساتذہ فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز منگل سے کرینگے، انجمن اساتذہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے 13 فروری کو ہونے والے اجلاس عام کے سلسلے میں تمام اساتذہ کے نام کھلا خط جاری کر دیا ہے۔ یہ خط انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر اور سیکرٹری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 13 فروری کو اساتذہ کے حقوق کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کر دیا جائیگا کیونکہ جامعہ کراچی کی سیکورٹی ناقص ہے، سیوریج اور سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ جامعہ کراچی پر کاری ضرب کرتے ہوئے ناقص داخلہ پالیسی کے ذریعے جامعہ کراچی کو کروڑوں کا مالی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ کراچی کے اہل اور غریب بچوں کو تعلیم سے دُور کر دیا گیا ہے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انجمن اساتذہ کے افہام و تفہیم اور معاملہ فہم رویہ کو انجمن اساتذہ کی کمزوری سمجھا گیا۔ ہم ہر موقع پر شیخ الجامعہ کو سمجھاتے رہے کہ جامعہ کراچی میں فیصلہ سازی اس کے مجاز ادارے کرتے ہیں لیکن شیخ الجامعہ نے شخصی اور آمرانہ فیصلے کر کے جامعہ کے اداروں کو مفلوج بنانے کی کوشش کی۔ پچھلے ایک سال میں اس جامعہ میں وہ واقعات ہوئے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ ملازمین پر تشدد، ان کو ہراساں کرنا، اساتذہ سے عامیانہ گفتگو جیسے معاملات پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ شیخ الجامعہ کا پچھلا ایک سال وعدہ خلافیوں اور بے قاعدگیوں کی ایک طویل داستان ہے جس نے جامعہ کے تشخص اور نیک نامی کو تاراج کر دیا اور اب اساتذہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پچھلے ایک سال سے اسکروٹنی کے عمل کو روک دیا ہے اورمیڈیکل پالیسی کو سردخانے کی نذر کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین