• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے کو ن لیگ کے پیراقبال شاہ نے بھاری اکثریت سے ہرادیا

Todays Print

لودھراں‘ملتان (نمائندگان جنگ) پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پاکستان تحریک انصاف سے لودھراں کی این اے 154 کی سیٹ چھین لی اور یوں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی خان ترین کو مسلم لیگ ن کے پیر اقبال شاہ کو بھاری اکثریت سے ہرادیا۔ تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ کے اقبال شاہ نے 113452 ووٹ حاصل کئے اورپی ٹی آئی کے علی خان ترین85933ووٹوں کے ساتھ دوسرےنمبرپررہے‘اس طرح ن لیگ کو تحریک انصاف پر 27609 ووٹوں کی برتری حاصل رہی۔علاوہ ازیں آزاد امیدوار ملک محمد اظہر10ہزار275ووٹ لے کر تیسرے نمبرپر رہے‘پیپلز پارٹی کےامیدوارمرزامحمد علی بیگ صرف 3 ہزار 189 ووٹ حاصل کرسکے۔پیراقبال شاہ کی کامیابی پرلودھراں اورملتان میں مسلم لیگی عہدیداروں اورکارکنوں نےجشن منایا‘بھنگڑےڈالے‘آتش بازی کی اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ضمنی انتخاب کے دوران 4 لاکھ 31 ہزار 2 ووٹرز کیلئے338پولنگ سٹیشن قائم کئےگئےتھے۔وزیرخارجہ خواجہ آصف نےاپنےپیغام میں کہا کہ اللہ نواز شریف کو نوازرہاہے‘ نہا یت عاجزی کےساتھ رب العزت کے شکر گزار ہیں۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نےکہاکہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں ووٹرزبولےاورپاکستان کے لوگ ترقی پسند سیاست کے مقابلے میں دھرنےکی سیاست کومسترد کردینگے۔ووٹنگ کےدوران جہانگیر ترین نے اپنا ووٹ پولنگ سٹیشن نمبر 234پر کاسٹ کیا‘ مسلم لیگ (ن)کے امیدوار پیر اقبال شاہ نے اپنا ووٹ مخدوم والا میں ڈالا۔ضمنی انتخاب کےدوران بعض پولنگ سٹیشنوں پرن لیگ اورپی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھڑپوں اورایک دوسرے کےخلاف نعرے بازی کی بھی اطلاعات ملی ہیں تاہم کوئی بڑا ناخوشگوارواقعہ نہیں ہوا۔ادھرن لیگ کے امیدوار اقبال شاہ کی کامیابی کا جشن ن لیگ کی ضلعی قیادت کیمپ آفس میں جمع ہو گئی مبارک باد دینے والوں کا ہجوم جشن کا سماں رات گئے تک کارکنوں کے بھنگڑے جاری۔وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز عبدالرحمٰن خان کانجو‘ صدیق خان بلوچ‘ ارکان صوبائی اسمبلی علیم شاہ‘جہانگیر سلطان بھٹہ‘ زبیر بلوچ‘احمد بلوچ‘عامراقبال شاہ‘چیئرمین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیر زادہ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی شیخ افتخارالدین سمیت دیگر سیاسی قائدین پارٹی عہدیداران‘ کارکنان کی بڑی تعداد کیمپ آفس جمع ہو گئی‘جہاں مبارک باد دینے والوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ جیتنے کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔حلقہ این اے 154سے ن لیگ کے امیدوار سید اقبال شاہ کی غیر سرکاری کامیابی کا اعلان ہوتے ہی لیگی کارکن سڑکوں پر نکل آئے جیت کا جشن مناتے ہوئے بھنگڑے ڈالے آتش بازی پٹاخے بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پرگاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی ایک ریلی بھی نکالی گئی جوپورے شہر کا چکر لگا کر واپس کیمپ آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔لودھراں میں ضمنی الیکشن آر پی او دفتر میں قائم کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہا اس بارے میں آر پی او ملتان محمد ادریس کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ سٹیشن پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا گیا‘پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر پاک آرمی کے جوان بھی تعینات رہےاورضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد کرایاگیا۔لودھراں کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر ملتان میں لیگی کارکنوں نے جشن منایا‘ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال گئے ۔یو سی چیئرمین زائد عدنان گڈوکی جانب سےلکڑی منڈی چوک پرجشن منایاگیا۔ نواں شہر چوک‘ گھنٹہ گھر چوک‘ حسین آگاہی چوک‘ دولت گیٹ‘ ممتاز آباد‘ کینٹ ‘ گلگشت کالونی ‘ شاہ رکن عالم کالونی میں جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔مسلم لیگی رہنماؤں کےڈیروں پر جشن کا سماں رہاجبکہ مسلم لیگ کی جانب سے آج بھی جشن منایاجائے گا۔وزیر مملکت پارلیمانی امور بیرسٹر محسن رانجھا‘ مسلم لیگ (ن) لندن کےجنرل سیکرٹری ناصر بٹ اور مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے سیکرٹری اطلاعات اکمل مرزا کا کہنا ہے کہ سیاست میں کسی بھی رہنما کوصرف عوام مائنس کرسکتی ہے‘ لودھراں کے عوام نے اہل اور نا اہل میں فرق واضح کر دیا‘2018 میں بھی عوام اسی طرح فیصلے کریں گے۔خیال رہے کہ این اے 154 لودھراں میں دسمبر 2015 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو واضح فرق سے شکست دی تھی۔ جہانگیر ترین نے ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ صدیق بلوچ نے 93 ہزار سے زائد 182ووٹ لئےتھے۔

تازہ ترین