• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نےمیاں شہبازشریف کو ٹیلیفون کر کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی

Todays Print

لاہور(مانیٹر نگ سیل)حلقہ این اے 154کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے بھائی میاں شہبازشریف کو ٹیلیفون کیا اور ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ شہبازشریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں کامیابی آپ کی محنت کا نتیجہ ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما شہباز شریف نے این 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی پارٹی کے امیدوار کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا عوام کو ن لیگی قیادت اور پالیسیوں پراعتماد ہے، ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو شکست فاش ہوئی ہے، عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے۔ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، لودھراں ضمنی انتخاب، نتائج انتشار اور منفی سیاست کرنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے این اے 154 میں کامیابی پر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا پیغام عوام میں گونج رہا ہے۔مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے اور ہم اللہ کے حضور سربسجود ہیں، اللہ اس طرح سے فریب اور دھوکے کو شکست دیتا ہے۔انہوں نے اپنے ایک اور پیغام میں لکھا کہ نوازشریف کے خلاف سازشوں کو اللّہ نے نوازشریف کی طاقت بنا دیا! اب بھی سمجھ جاؤ، فیصلے اللّہ کے چلتے ہیں اور دنیا اسی نظام پر قائم ہے۔مریم نواز نے کہا کہ عوام نے واضح کر دیا کہ ووٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیا جائیگا اور نواز شریف کی قیادت میں ووٹ کی حُرمت کا کارواں منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا۔

تازہ ترین