• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے کیمپ میں عید کا سماں ،شکرانے کے نوافل ، عام انتخابات میں مزید بہتر نتائج کیلئے بھی پرعزم

Todays Print

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) لودھراں سے قومی اسمبلی کے پاکستان مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے نو منتخب رکن سید اقبال شاہ اختتام ہفتہ قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں ہی اپنی رکنیت کا حلف اٹھالیں گے۔ توقع ہے کہ ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بدھ تک جاری ہوجائے گا۔ پیر کی شب جب لودھراں کے ضمنی انتخاب کا حتمی نتیجہ سامنے آیا تو حکمر ان پاکستان مسلم لیگ نون کے کیمپ میں عید کا سماں تھا۔ حکومت ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت جو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے دوپہر تک یہاں پہنچ چکی تھی۔ ارکان پارلیمان کی سرکاری اقامت گاہ پارلیمنٹ لاجز میں جہاں حکومتی ارکان نے پرتکلف ضیافتوں کا اہتمام کیا وہاں متعدد ارکان نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ مسلم لیگی ارکان نے اپنی پارٹی کے سربراہ نوازشریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے اس پر ہدیہ تبریک پیش کیا اورا نہیں یقین دلایا کہ سال رواں کی تیسری سہ ماہی میں ہونے والے عام انتخابات میں نتائج اس سے کہیں بہتر برآمد ہونگے۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی ارکان نے یاد دلایا کہ جو سیاسی لوگ جنوبی پنجاب سے مختلف آوازوں کی توقع باندھ تھے آج ان کی آنکھیں کھل گئی ہونگی نواز شریف کے بیانئے نے ہر دوسرے تصور کو پامال کردیا ہے عوام اپنی ترقی اور نواز شریف کے خلاف صادر ہوئے فیصلے کی مزاحمت کے لئے کمربستہ ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین