• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی بھرتیاں،اختیارات سے تجاوز ،2پی ٹی آئی وزراء کیخلاف تحقیقات شروع

Todays Print

پشاور( آفتاب احمد)خیبرپختونخوا احتساب کمیشن نے تحریک انصاف کے2وزراء کے خلاف غیرقانونی بھرتیوں اوراختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ،صوبائی احتساب کمیشن زرائع کے مطابق دو صوبائی وزراء کے خلاف عوامی شکایات کی بنیاد پر انکوائری کی جارہی ہے۔ جب کہ این اے دو سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی حامد الحق کے بھائی نگارالحق کے خلاف بھی کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کی جارہی ہیں، نگار الحق کمیونکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ میں سب انجینئر ہے۔ اور اس پر آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا الزام ہے ، احتساب کمیشن نے ان سے تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ زرائع کا کہنا ہے کہ احتساب کمیشن میں پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر محنت شیر اعظم وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ستارہ ایاز کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ستارہ ایاز کے خلاف ریفرنس جلد ہی احتساب عدالت میں جمع کیا جائے گا، سابق ڈی جی ہیلتھ سید علی خان، سابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان خان بخش مروت، وائس چانسلر گومل یونیورسٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر شاہد الحق کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔اس سے قبل بھی دو وزرا اور کو بدعنوانی کے الزامات پر عہدوں سے ہٹایا گیا ہے جس میں سابق وزیر صحت شوکت یوسفزئی، اور سابق صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی شامل ہے۔ جب کہ وزیر اعلی کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ یاسین خلیل بھی شامل ہے۔

تازہ ترین