• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش اور برفباری سے بالائی علاقوں میں تباہی ،6جاں بحق

Rain And Snow Damages Upper Areas With 6 Casualties

بارش اور برف باری نے بالائی علاقوں میں تباہی مچادی ہے ،2روز سے جاری شدید برف باری کے باعث بیشتر مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

لوئر دیر،نوشہرہ ،مردان اور پشاور میں حادثات اور چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 زخمی ہیں ،مسلسل برف باری سے بجلی اور ٹیلی فون کا نظام متاثر ہوگیا۔

شدید برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، سیاح پھنسے ہوئے ہیں ،حکام نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کردی ، مقامی افراد بھی گھروں تک محدود ہیں،مری میں برف باری سے بند سڑکیں کھول دی گئیں ۔

آزاد کشمیر میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکوں کی بندش سے لوگ گھروں میں محصور ہیں ،خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو روز سے بارش اور برفباری نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کررکھا ہے۔

نوشہرہ کے علاقہ فقیرآباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنےسے لڑکی جاں بحق اور 2خواتین زخمی ہوگئی ہیں ۔

لوئردیرکے علاقوں شاہی،بن شاہی اورمسکینی درہ کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے،نواحی گاوں ہاشم میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنےسے2خواتین جاں بحق اور بچی زخمی ہوگئی ہے۔

اپر دیر میں لواری ٹنل کے قریب اب تک 5فٹ برف پڑ چکی ہے،سوات کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے لوگ گھروں تک محصور ہوگئے ہیں۔

ایبٹ آباد کے بالائی علاقوں نتھیا گلی اور گلیات میں دوسرے روز بھی برفباری ہورہی ہے،مسلسل برفباری کی وجہ سے ایبٹ آباد سے نتھیا گلی جانے والی سڑک کالا باغ کے مقام پر اورنتھیا گلی سے مری جانے والی سڑک بندہے،سڑکوں کی بندش کے باعث ایوبیہ ،نتھیا گلی اور ڈونگا گلی میں سیاح پھنسے ہوئے ہیں ۔

آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں دوروز سے جاری برفباری کے باعث متعددسڑکیں بند ہیں،پولیس کنٹرول روم مری نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پھگواڑی لوئر ٹوپہ سیکشن ٹریفک بند ہونے کے باعث آزادکشمیر سے اسلام آباد آنے والے مسافر اپردیول شاہراہ استعمال کریں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مری روڈ پر پھگواڑی لوئر ٹوپہ پر پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش جاری ہے،یہاں گزشتہ روز سے سینکڑوں مسافراسی سڑک پر پھنسے ہوئے ہیں۔
اپر ہزارہ ڈویژن میں بارش اور برفباری جاری ہے ۔ شاہراہ کاغان راجوال کے قریب ٹریفک کے لئے بندہے،برفباری سے نواز آباد روڈ بھی کئی مقامات پر بند ہے۔مسلسل گرتی برف نے بجلی اور ٹیلی فون کے نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

تازہ ترین