• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدموں میں جان ہوتی تو ضمنی ریفرنسز نہ بنانے پڑتے، لودھراں کے عوام نے احتساب کے نام پر انتقام کا جواب دیا ہے، نواز شریف

Todays Print

اسلام آباد(ایوب ناصر، بلال عباسی)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کا جواب لودھراں کے عوام نے دیدیا، میرا مقدمہ عوام لڑ رہے ہیں جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں اور لودھراں میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں پر سارا زور چلتا ہے، دہرے معیار کہاں تک چلیں گے، سیاسی لیڈروں کو بھی خود خیال نہیں آتا کہ ملک کو کہاں لے کر جانا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے خلاف موجودہ ریفرنسز میں کوئی جان ہوتی تو ضمنی ریفرنس کی ضرورت نہ ہوتی، وہ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو کسی نہ کسی طرح سزا ہو۔ نواز شریف نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کب تک اور کیوں کر آتے رہیں گے، ان ریفرنسز سے تاثر ہی نہیں یقین ہونے لگا ہے کہ ان میں کچھ بھی نہیں، ضمنی ریفرنس میں الزامات کو ری پیکج کر کے پھر شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں عوامی ردعمل کی صورت میں دیکھ رہے ہیں اور لودھراں کا فیصلہ بھی احتساب کے نام پر انتقام کا عوامی جواب ہے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ʼآپ سے انتقام کیوں لیا جارہا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ ʼمجھے تو خود معلوم نہیں، مجھ سے انتقام لینے والے اُن سے انتقام لیں جنہوں نے دو بار آئین توڑا، آئین توڑنے اور ججز کو گرفتار کرنے والے کس کے مجرم ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ آج سب سے بڑے مجرم ہم بنے ہوئے ہیں اور وہ جنہوں نے دو دو مرتبہ آئین توڑا انہیں نہیں پکڑا گیا، کیا ان تک پہنچتے ہوئے پر جلتے ہیں۔سابق وزیر اعظم احتساب عدالت سے پنجاب ہائوس پہنچے تو انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اورکارکنوں سے ملاقات کی، اس ملاقات میں شریک رہنمائوں نے لودھراں میں کامیابی پر نواز شریف اورمریم نواز کو مبارکباد دی، اس موقع پر اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عوام اب خود انصاف کررہے ہیں، سب سازشوں کا جواب عوامی عدالت سے آرہا ہے۔

تازہ ترین