• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلیانا ، ادھوری محبت کی کسک ، کسی کو حاصل نہ کر پانے کی خلش

ایک جواں سال ، خوب صورت اور دلکش شخصیت رکھنے کے باوجود دل میں ادھوری رہ جانے والی محبت کی خلش اور چہرے کی گہری خاموشیوں سے جھانکتی بیتے دنوں کی آہ کے جذبات ۔۔کسی نے اگردیکھنے ہوں تو صرف ایک ہی ایکٹریس کا نام آپ کے ذہن میں گونجے گا ۔۔۔اور وہ ہے ایلیانا ڈی کروز ۔

رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑا کی ’برفی ‘ دیکھ لیجئے ۔۔جو لڑکی رنویر سے محبت کے باوجود اسے گونگا بہرا ہونے کے سبب اپنا نہیں سکی وہ شہرت، شوہر ، امارت اور دنیا کا ہر سکھ رکھنے کے باوجود زندگی بھر پہلی محبت کی کسک لئے روز جیتی اور روز مرتی رہی وہ کون تھی۔۔۔وہی تو ایلیانا ڈی کروز تھیں۔

پردہ سیمیں پر زندگی کے حقیقی جذبات کی اپنے شاندار ایکسپریشنز سے ترجمانی کرنا ایلیانا ڈی کروز کی سب سے بڑی خاصیت ہے۔ وہ ساؤتھ انڈین یا یوں کہہ لیجئے علاقائی زبانوں میں بننے والی فلموں کی بے تاج ملکہ تھیں اور 2008ء تک ایک فلم میں اداکاری کے تقریباً2کروڑ روپے لیا کرتی تھیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہندی فلموں کو ترجیح دی ۔

ایلیانا نے اپناکیریئر ایک ماڈل کے طور پر شروع کیاتھا لیکن ان کا پہلا کمرشل دیکھتے ہی انہیں ایک تیلگو فلم’ دیوداسو‘کی آفر ہوگئی ۔ سن 2006ء میں یہ فلم ریلیز ہوئی ۔ان کی پہلی فلم سے لوگ ان کے دیوانے ہوگئے۔ انہیں بہترین ڈیبیو اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔

اپنی دوسری فلم ’پورککری‘ میں انہوں نے ایک ایروبک ٹیچر کا رول کیا ۔ اس رول کو اتنی پذیرائی ملی کہ انہیں تیلگو سنیما کی معروف اداکاراؤں میں شمار کیا جانے لگا۔ ایلیانا کے لیے یہ سب سے بڑی کمرشل ہٹ فلم رہی۔ اس فلم کا کئی زبانوں میں ری میک بنایا گیا۔ سلمان خان کی ’وانٹیڈ‘ اسی فلم کا ہندی ورژن تھا۔

خوبصورت اور با صلاحیت اداکارہ نے بے شمار بالی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کی اور اپنے چاہنے والوں سے خوب داد وصول کی۔

ایلیانا کی بعد میں آنے والی کئی اور فلمیں بھی ہٹ، سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ انہی میں سے ایک سلمان خان کی ’کک‘ بھی تھی۔ یہ بھی ’وانٹنڈ‘ کی طرح تیلگو فلم کا ہندی ورژن تھی۔

سن2012ءمیں ایلیانا نے فلم ’برفی‘ سے بالی ووڈ میں اینٹری دی۔اس فلم میں انہوں نے رنبیر کپور کے ساتھ لیڈ رول کیا ۔ فلم ہٹ ہوئی اورایک ارب 75کروڑ روپے کمائے۔

ساتھ ہی ایلیانا کو بہترین ڈیبیو ایوارڈ دیا گیا۔ فلم بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ماراکیچ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پیش کی گئی اور سرکاری طور پر85ویں اکیڈمی ایوارڈ میں آسکر کے لیے بھیجی جانے والی فلموں کی فہرست میں شامل کی گئی۔

اس فلم کے بعد مانو الیانا کے پاس فلموں کی لائن لگ گئی ۔’ پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘، ’ہیرو‘،’ ہیپی اینڈنگ ‘اور اب ان کی ایک اور فلم ’ریڈ ‘ آرہی ہے جس کا ایک گانا ابھی سے شہرت کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔

 

تازہ ترین