پاکستان کرکٹ کا شاہکار ایونٹ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے دبئی میں شروع ہورہا ہے جو 25 مارچ تک جاری رہے گا۔ تقریباً32 دن تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ دبئی ، شارجہ سے ہوتا ہوا براستہ لاہور شہر قائد کراچی آکر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی ایونٹ میں 10 راؤنڈ میچز کھیلے گی جس میں اس کی کارکردگی ٹیم کے مستقبل کے سفر کا تعین کرے گی۔
پشاور زلمی کی برانڈ ایمبسٹر پاکستان کی نمبر ون اداکارہ مائرہ خان اور ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی ہیں۔
پی ایس ایل 2 کی طرح اس سیزن میں بھی پشاور زلمی کی قیادت آل راؤنڈر ڈیرن سیمی کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، ڈیوائن براوو، شکیب الحسن، تمیم اقبال، حسن علی،حماد اعظم، حارث سہیل، کرس جارڈن، محمد اصغر، سعد نسیم، تیمور سلطان، اندرے فلیچر، ایون لوئس، خالد عثمان، محمد عارف ، ثمین گل اور ابتسام شیخ شامل ہیں۔
محمد اکرم ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ یونس خان ٹیم کے مینٹور ہیں۔
ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کے ہونے والے معرکوں کا شیڈول
گزشتہ سیزن کی فاتح ٹیم پشاور زلمی اس بار لالہ (شاہد آفریدی ) کی خدمات سے محروم ہے۔ زلمی اس سال ایونٹ کے افتتاحی میچ سے اپنی مہم جوئی کا آغاز نو وارد ٹیم ملتان سلطان کے خلاف 22 فروری کو دبئی میں کرے گی۔
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی اپنے دوسرے معرکے میں24 فروری کو پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پنجہ آزما ہوگی۔
اس کے اگلے ہی دن یعنی 25 فروری کو زلمی ۔۔عماد وسیم ، محمد عامراور بابر اعظم کی کراچی کنگز کو للکارے گی۔ ایونٹ کا یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائے گا۔
کوئٹہ کے گلیڈئیٹرز کو زلمی یکم مارچ کے معرکے میں چیلنج دے گی جس کے بعد اس کا 3 مارچ کو دمادم مست قلندر مقابلہ جارحانہ بلے باز برینڈم میکولم کی لاہور قلندرز سے ہوگا ۔
ایونٹ میں پشاور زلمی 6 مارچ کو ایک مرتبہ پھر سے ملتان سلطان کا سامنا کرے گی اور 9مارچ کو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ سے نبرد آزما ہوگی۔
10مارچ کو کوئٹہ گلیڈئیٹرز کے ساتھ اس کا ٹاکرا ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جس کے بعد 15 مارچ کو یہ کراچی کنگز کے مدمقابل ہوگی اور اس کے بعد ایونٹ میں اپنے آخری راؤنڈ میچ میں پشاور زلمی لاہور قلندرز سے ٹکر لے گی۔
اس کے بعد 18 مارچ سے پی ایس ایل تھری کا پلے آف مرحلہ شروع ہوگا جو 21 مارچ تک جاری رہے گا اور آخر میں ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں فائنل معرکے میں ٹائٹل کی جنگ کراچی میں لڑیں گی۔