• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Rao Anwar Will Appear In The Supreme Court

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں نقیب محسود سمیت 4 نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے مقدمے میں مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے ملنے والی عبوری ضمانت کے بعد جمعہ کی صبح (کل) سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں پیشی کے لیے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی، ایڈیشنل آئی جی آفتاب پٹھان سمیت سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران جمعرات کی شب اسلام آباد پہنچ گئے۔

کراچی سے نقیب اللہ محسود کے بھائی، قریبی عزیز اور جرگے کے افراد بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

دوسری طرف پولیس کے ہاتھوں نقیب اللہ محسود کے ساتھ اغواء کئے جانے کے بعد رہا کیے گئے مقدمے کے دونوں عینی شاہد بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جو چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے قتل کیس کے حوالے سے حقائق بیان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار بھی اسلام آباد میں موجود ہیں جو جمعہ کو ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے راؤ انوار احمد کی طرف سے ملنے والے خط کے بعد انہیں جمعہ 16 فروری تک عبوری ضمانت دی تھی۔

تازہ ترین