• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین پارلیمنٹ نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی توثیق کردی

European Parliament Grants Gsp Plus Status To Pakistan

آئندہ یورپین الیکشن تک پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی توثیق کر دی گئی ۔

اس بات کی تصدیق یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی نے یورپین پارلیمنٹ میں اس نمائندے سے خصوصی ملاقات کے دوران کی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی جی ایس پی پلس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین کرسٹوفر فلنر ایم ای پی،سائوتھ ایشیاء ٹریڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی اور یورپین پارلیمنٹ کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے سربراہ برنارڈ لانگے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تین ممالک میانمار،فلپائن اور کمبوڈیا کے علاوہ پاکستان سمیت باقی 7ممالک کیلئے آئندہ یورپین الیکشن تک جی ایس پی پلس سکیم جاری رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف قوتوں نے آخر دم تک یہ کوشش کی کہ پاکستان کو بھی ان تین ممالک کے ساتھ نتھی کیا جائے لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔

اس طرح یہ بات اب وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ آئندہ یورپین الیکشن تک جوکہ 2019 ء میں ہوں گے، جی ایس پی پلس اسکیم جاری رہے گی۔

پاکستان کی جانب سے یورپین یونین کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے کہ پاکستان ان بین الاقوامی 27 کنونشنز پر عملدرآمد کیلئے مسلسل قانون سازی کر رہا ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا کی قیادت میں پاکستانی وفد نے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور اپنا مؤقف بیان کیا۔

ان کی معاونت بلجیم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد آصف میمن، برسلز میں تعینات اکنامک منسٹر عمر حمید اور قونصلر ثاقب رئوف نے کی ۔

 

تازہ ترین