• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ 3کے مقابلے آج دبئی میں شروع ہو رہے ہیں۔ کرکٹ کے فروغ کے لئے ہونےوالے اس شاندار ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔ منگل کی شام دبئی میں ہونے والی ایک رنگا رنگ تقریب میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں، پی سی بی حکام اور منتظمین نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے دو میچ لاہور، فائنل کراچی اور باقی تمام میچ دبئی میں ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی، اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ کرکٹ اس وقت پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے اور پی ایس ایل مقابلے اس کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں لیکن دہشت گردی کے خوف سے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے سے کتراتے ہیں اس لئے یہ ٹورنامنٹ دبئی میں ہو رہا ہے۔ تاہم تین اہم مقابلے پاکستان میں بھی ہوں گے۔ کوشش کی جانی چاہئے کہ آئندہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہو۔ اس سے نہ صرف موجودہ کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ ہو گا بلکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے نئے کھلاڑی بھی سامنے آئیں گے۔ اس سے قومی کرکٹ ٹیم کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ کرکٹ حکام کو ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہئے۔ پاکستان میں کرکٹ کے لئے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں صیقل کرنے کے لئے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان میں کھیلنے سے غیر ملکی ٹیموں کا خوف بتدریج کم ہو رہا ہے۔ بی سی سی آئی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے توقع ظاہر کی ہے کہ لاہور اور کراچی میں پی ایس ایل مقابلوں کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک دو میچوں کے لئے پاکستان آئے گی اس سے دنیا کی دوسری ٹیموں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی اور پاکستان ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز بن جائے گا۔

تازہ ترین