• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاپی گیس لائن کےافغان لنک کاسنگ بنیاد آج رکھاجائےگا

Tapi Gas Pipeline Set To Enter Afghanistan Groundbreaking Today

وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کے لیے ہرات پہنچ گئے ۔اس سے قبل ترکمانستان میں انہوں نے ترکمان صدر سے ملاقات کی اور گیس منصوبے سمیت علاقائی سیکورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج افغانستان کے شہر ہرات میں تاپی کے لنک منصوبے کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان کے علاوہ ترکمان صدر ، افغان صدر اشرف غنی بھی تقریب میں شرکت کریں گےجبکہ بھارت کی جانب سے خارجہ امور کے وزیر مملکت ایم جے اکبر کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شاہد خاقان نے ترکمانستان کے شہر میری میں ترکمانستان کے صدر قربان محمدوف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعاون ، توانائی ، تجارت اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علاقائی سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا ۔

دس ارب ڈالر مالیت کے اس منصوبے کے تحت 1800 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے ترکمانستان سے قدرتی گیس افغانستان ، پاکستان اور بھارت کو فراہم کی جائے گی ۔

توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2019 میں مکمل ہو گا جس سے پاکستان کو یومیہ 1325 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل ہوگی ۔

 

تازہ ترین