• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا پہلا اجازت نامہ جاری

First Transplant Permission Letter Issued In Khyber Pakhtunkha

خیبر پختونخوا میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری کا پہلا اجازت نامہ جاری، اگلےہفتے سے کڈنی سینٹر میں گردوں کی ٹرانسپلانٹیشن ممکن ہوگی۔

پشاور کے علاقے حیات آباد میں قائم گردوں کے علاج کے سب سے بڑے مرکز کڈنی ڈیزیز سینٹر میں گردوں کی ٹرانسپلانٹیشن اگلے ہفتے سے ممکن ہوگی، جبکہ صوبے کے ایک اوربڑے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو اگلے ماہ آنکھوں کی پیوندکاری کے لئے اجازت مل جائے گی۔

خیبرپختونخوا میں گردوں اوردیگر اعضا ءکی غیرقانونی پیوندکاری روکنے کے لئے کئے گئے اس اقدام سے اب سرکاری اسپتالوں میں بھی پیوندکاری ممکن ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں صوبہ کے سیکریٹری ہیلتھ عابد مجید کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز حیات آباد کو گردوں کی پیوندکاری کے لئے موزوں قراردیتے ہوئے اس کی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی۔

اگلے ہفتے صوبے میں گردوں کی پیوندکاری کا عمل شروع ہوجائے گا اور صوبہ کے لوگوں کو اب اس کے لئے دوسرے صوبوں اوربیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اسی طرز پرصوبہ کے دیگردوبڑے اسپتالوں لیڈی ریڈنگ اورخیبرٹیچنگ اسپتال کو بھی اگلے ماہ گردوں کی پیوندکاری کے لئے رجسٹرڈکرنے کا عمل پورا ہونے کی توقع ہے جس سے پشاورکے یہ تین بڑے مراکز صحت قانونی طورپرگردوں کی پیوند کاری کے اہل ہوجائیں گے۔

دوسری جانب آئندہ ماہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو آنکھوں کی پیوندکاری کے لئے بھی رجسٹرکرنے کی توقع ہے جس کے بعد اس اسپتال میں آنکھوں کی پیوند کاری شروع ہوجائے گی۔

اجلاس میں تین نجی اسپتالوں کی جانب سے بھی آنکھوں اورگردوں کی پیوند کاری کے لئے درخواستوں کا ابتدائی جائزہ لیا گیا ہے۔

 

تازہ ترین