• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈرگ روڈ فلائی اوور پر تعمیراتی کام سے شدید ٹریفک جام

Karachi Flyover Development Creates Traffic Mess

کراچی میں شارع فیصل پر واقع ڈرگ روڈ فلائی اوور کا تعمیراتی کام سرشام شروع کرنے کی وجہ سے شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جبکہ سیمنٹ اور بجلی گرنے سے شہری بھی متاثر ہوتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل کے ڈرگ روڈ فلائی اوورز پر تعمیرات کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹھیکیدار کو رات کے اوقات میں کام کرنے اور کام کے دوران حفاظتی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے لیکن منگل کی شام کو ہی ٹھیکیدار نے تعمیراتی کام شروع کرادیا جس سے شہر سے جانے والے شہریوں کو شاہراہ فیصل سے راشد منہاس روڈ پر مڑتے ہوئے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

راشد منہاس روڈ پر فلائی اوور اترتے ہوئے تعمیراتی کام کے لیے ہیوی مشینری لگائیں گی، مختلف قسم کے ٹریفک کے لیے ایک لائن سے بھی کم جگہ چھوڑی گئی تھی۔

شاہ فیصل کی چار لائنیں ایک لائن میں یکجا ہونے سے ٹریفک گھنٹوں جام ہوتا رہا، ڈرگ روڈ سے فیصل بیس اور کارساز تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،اس صورتحال سے انڈرپاس استعمال کرنے والے شہری بھی ٹریفک جام میں پھنستے رہے۔

پولیس کے مطابق کنٹریکٹر نے غیراعلانیہ طور پر از خود ہی سر شام کام شروع کرادیا جس سے انتہائی رش کے اوقات میں شہریوں کو اس صورتحال سے دوچار ہونا پڑا،ٹریفک پولیس اہلکار خاموش تماشائی دکھائی دئیے۔

ٹریفک پولیس کنٹرول ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار کو کام بند کرانے کا کہا گیا مگر عملے نے پولیس کی ایک نہ سنی۔

اس دوران راشد منہاس روڈ کی طرف موڑنے والے موٹر سائیکل سواروں کو شدید دشواری ہوئی، جن پر سیمنٹ اور بجلی گرنے سے کپڑے خراب ہوتے رہے۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس طرح کھلے عام کام کرنے سے کوئی حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے،ڈرگ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کے دوران چند روز قبل بھی شہریوں کو ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

تازہ ترین