• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی :نوجوان کےاغوا اور قتل میں ملوث سی ٹی ڈی افسر گرفتار

Karachi Ctd Officer Arrest Over The Kidnaping And Murder Case

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے نوجوان کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں پولیس نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر کو گرفتار کرکے لاش برآمد کرلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج کی وائس چانسلر کے داماد اظفر صدیقی کو گزشتہ برس 5 اپریل کو جھانسہ دے کر اغواء کیا گیا تھا۔ واردات میں ملوث مقتول کے گہرے دوست علی کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے اگلے روز ہی گرفتار کر لیا تھا مگر واردات کے بارے میں اعتراف کرانے میں پولیس ناکام رہی تھی۔

مقتول اظفر صدیقی

بائیس روزہ عدالتی ریمانڈ کے باوجود ملزم کو چھوڑ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایک خفیہ اطلاع ملنے پر رینجرز نے ملزم علی کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔ رینجرز کے تفتیشی ماہرین نے ملزم سے مخصوص طریقے سے تفتیش کی تو ملزم نے ناصرف واردات کا اعتراف کرلیا بلکہ جائے واردات کی بھی نشاندہی کر دی۔

ملزم نے اپنے بیان میں سی ٹی ڈی کے ایک معروف افسر آصف عثمان کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ ملزم کے بیان کے مطابق اس نے اور انسپکٹر آصف عثمان نے فیڈرل بی ایریا بلاک 21 میں 65 ہزار روپے ماہوار پر بنگلہ کرائے پر لے رکھا تھا اور قتل کی واردات اسی بنگلے میں ہوئی۔

ملزم کے مطابق سی ٹی ڈی انسپکٹر آصف عثمان نے 32 سالہ اظفر امتیاز صدیقی ٹانگیں پکڑیں جبکہ اس نے اظفر کو گلا دبا کر قتل کیا۔ ملزم کے مطابق بنگلے کے کچن میں کھڈا کھود کار لاش دبا دی تھی۔ رینجرز اور پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کی نشاندہی پر لاش برآمد کرلی ہے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ مبینہ منصوبے کے مطابق ملزمان نے قتل کے بعد خاندان سے چار کروڑ تاوان وصول کرنا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول بیرون ملک کا رہائشی تھا جو چند ماہ قبل ہی وطن واپس آیا تھا۔ اغواءاور قتل سے تین ہفتے قبل مقتول اظفر صدیقی کی شادی ہوئی تھی۔

گرفتار ملزم علی ویٹ لفٹر ہے جسے اے وی سی سی نے ایک ماہ تک گرفتار کیے رکھا مگر پولیس ملزم سے اعتراف نہ کرا سکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم پولیس انسپکٹر آصف عثمان گزشتہ روز کراچی پہنچا تو اسے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے ایئرپورٹ سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا۔

ایڈیشنل آئی جی آفتاب پٹھان کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی ٹیم ملزم آصف عثمان اور اس کے ساتھی علی سے تفتیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین