• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پولیس کے سینئر آفیسر کی وکٹامولوجی میں ڈاکٹریٹ ڈگری

Punjab Police Officer Doctorate In Victimology

پنجاب پولیس کے سینئر آفیسر ایس ایس پی لاہور ٹریفک اطہر وحید ہالینڈ سے وکٹامولوجی میں ڈاکٹریٹ کرنے والے پاکستان کے پہلے پولیس آفیسر بن گئے ہیں۔

ڈاکٹر اطہر وحید سابق آئی جی پولیس ڈاکٹر شعیب سڈل کے بعد دوسرے پولیس آفیسر ہیں جنھوں نے اپنے شعبے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔

شعیب سڈل نے لندن سے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی جبکہ ڈاکٹر اطہر وحید نے لندن سے کرمنالوجی میں ماسٹرز کے بعد جاپان میں پہلے وکٹامولوجی میں خصوصی کورس کیا جہاں سے انھیں ہالینڈ سے وکٹامولوجی میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے اسکالر شپ کی آفر ملی۔

وہ ہالینڈ سے وکٹامولوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کرکے وکٹامولوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے پولیس آفیسر بن گئے۔

اطہر وحید کا تعلق فیصل آباد سے ہے جبکہ ان کی اہلیہ عمارہ اطہر وحید بھی پولیس میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہیں اور آج کل لاہور میں ایس پی کے طورپر خدمات انجام دےرہی ہیں۔

اطہر وحید نے پاکستان میں دہشت گردی کے نتیجے میں متاثر ہونے والے شہریوں کو درپیش مسائل اور دہشت گردی سے متاثرہ شہریوں پر مقالہ لکھ کر پوری یونیورسٹی میں امتیازی پوزیشن حاصل کیے رکھی اور دنیا کو اپنے مقالے کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی سے پہنچنے والے نقصانات سے آگاہی فراہم کی ہے۔

اطہر وحید اپنے پورے کریئر میں بہترین پوزیشن کے حامل افسر رہے ہیں جنھوں نے قانون کی حکمرانی اور عملداری کے لیے بے خوف ہوکر خدمات انجام دیں اور انھیں حکمرانوں کی شاباش حاصل رہی۔

انہیں غیر قانونی احکامات کے سامنے ڈٹ جانے پر سخت مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم قانون کی حکمرانی کے لیے ان کی لگن کم نہ ہوسکی اور اب وکٹامولوجی جیسے اہم مضمون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرکے انھوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیاہے۔

اس حوالے سے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے ڈاکٹر اطہر وحید کو بہترین کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

تازہ ترین