• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس آئی یو ٹی کے بشیر داؤد کمپلیکس کا افتتاح

سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے سلیمان داؤد ٹرانسپلانٹ سینٹر میں اعضا کی پیوندکاری کے 7آپریشن تھیٹرز پر مشتمل بشیر داؤد ٹرانسپلانٹ آپریشن تھیٹرز کمپلیکس کا افتتاح کر دیاگیا ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے بشیر داؤد کمپلیکس کا افتتاح

اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے کہا کہ بشیر داؤد کمپلیکس کے تعاون سے آپریشن تھیٹرز کے آغاز کے بعد ایس آئی یو ٹی میں مجموعی آپریشن تھیٹرز کی تعداد 24ہو گئی ہے جس سے بروقت آپریشن کرنے میں مزید سہولت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تھیٹرز کے تمام اخراجات بشیر داؤد نے برداشت کیے ہیں اور بشیر دائود اور ان کی فیملی کا تعاون 2000ء سے ایس آئی یوٹی کے ساتھ ہے،جب انہوں نے 120 ڈائلیسس مشینوں کا عطیہ دیا تھا، آج ایس آئی یو ٹی میں روزانہ 850ڈائلیسس سیشن کئے جار ہے ہیں جو ملک کے ڈائلیسس کا ایک تہائی حصہ بنتاہے، اس میں بچوں کیلئے مخصوص ڈائلیسس یونٹ بھی شامل ہے جو ملک میں بچوں کیلئے واحد یونٹ ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے بشیر داؤد کمپلیکس کا افتتاح

ڈاکٹر یب رضوی نے کہا کہ یہ ڈائلیسس سینٹر سائوتھ ایشیاء میں سب سے بڑا ہے جہاں ایک جگہ اتنی تعداد میں ڈائلیسس ہوتے ہیں اگر یہ ڈائلیسس نجی شعبے میں کروائے جائیں تولوگوں کے تقریباً75کروڑ روپے خرچ ہوتے ،اسی ڈائلیسس سینٹر کی بدولت ایس آئی یو ٹی میں پانچ ہزار سے زائدٹرانسپلانٹ کرنے میں مدد ملی۔

انہوں نے بتایا کہ 2006ء میں بشیر دائود نے اپنی والدہ حنیفہ سلیمان دائود کے نام پر کینسر اسپتال کی بنیا د رکھی جو 150بستروں پر مشتمل ہے اسپتال میں کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی شعاعوںسے علاج کے لیے ایک خطیر رقم سے عطیہ کی گئی لینئر ایکسلیریٹرکی مشین بھی موجو د ہے، اسپتال میں داخل مریضوں کے علاوہ کینسر کی اوپی ڈی میں بڑی تعداد ایسے مریضوں کی بھی ہوتی ہے جنہیں کیمو تھراپی، شعاعوں کے علاج اور سرجری سے علاج بھی کیا جاتا ہے، اسی شعبے کا ایک حصہ پراسٹیٹ کینسر کے جدید علاج یعنی بریکی تھراپی پر مشتمل ہے۔

ایس آئی یو ٹی کے بشیر داؤد کمپلیکس کا افتتاح

انہوں نے کہا کہ اسی طرح 2011ء میں بشیر دائود اور ان کی فیملی نے 125بستروں پر مشتمل سلیمان دائود ٹرانسپلانٹ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا جہاں جگر، دل، پھیپھڑے، لبلبے اور چھوٹی آنت کی پیوند کاری جیسے آپریشن کئے جا سکیں گے،اس ٹرانسپلانٹ سینٹر میں چار ٹرانسپلانٹ کے آپریشن بیک وقت کئے جا سکتے ہیں،اس موقع پر ایس آئی یوٹی کے بورڈ کی وائس چیئرمین زبیدہ مصطفیٰ اور ٹرسٹی شبر زیدی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین