• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

حیدرآباد کے 100 سال پرانے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ مل گیا

حیدرآباد کے 100 سال پرانے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ مل گیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے حیدرآباد کے کالی موری کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ترمیمی بل 2018ء کی متفقہ طور پرمنظوری دیدی۔

اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سرج درانی کی زیر صدارت ہوا۔وزیر پالیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے حیدرآباد کے معروف کالی موری کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے سے متعلق بل منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کالی موری کالج کے قیام کو سو سال مکمل ہوگئے ہیں ، سندھ کی اس معروف درسگاہ سے بہت سی نامور شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے اس کالج کی عظیم علمی خدمات کے باعث کالج کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر ہم عوام کو تحفہ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حیدر آباد شہر میں یونیورسٹی کی بہت ضرورت ہے ۔ ایوان نے بل متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔وزیر پالیمانی امور نے ایوان کی کارروائی کے دوران سندھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ترمیمی بل 2018ء کی بھی منظوری دی ۔

یہ بل منظوری کے لئے جمعرات کو ایوان میں پیش کیا گیا تھا تاہم قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کے اعتراضات پر اس کی منظوری کا معاملہ جمعہ تک موخر کردیا گیا تھا۔

ایوان کی کارروائی کے دوران مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کو ایک تحریک التوا پیش کرنے کی اجازت نہیں ملی جس پرانہوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ایوان میں ایجنڈے کی کاپی پھاڑی دی اورواک آوٹ کرگئیں۔

ان کی تحریک التوا ہجرت کالونی میں ایک اسکول کی بندش سے متعلق تھی۔

اس موقع پر اپوزیشن کے دوسرے ارکان نے بھی نصرت سحر عباسی کے حق میں شور وغل کیا تاہم بعد میں اسپیکر نے اجلاس پانچ مارچ تک ملتوی کردیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین