• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یوم ِ یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی

شفقت علی رضا۔۔نمائندہ جنگ،اسپین

دُنیا بھر کی طرح ا سپین میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے احتجاجی ریلی نکالی ،جو بارسلونا کی معروف شاہراہ ’’ رامبلہ راوال ‘‘سے ہوتی ہوئی صوبہ کاتالونیا کے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے پلاسہ خائمے میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں موسلا دھار بارش اور سردی کے باوجود شرکاء نے سخت الفاظ میں بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بھارتی فوج کی بربریت پر بڑی طاقتوں کو توجہ دینے کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔ احتجاجی ریلی میں قائم مقام قونصل جنرل بارسلونا عمر عباس میلہ بھی شریک تھے ،جنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا کشمیر کی آزادی کے حوالے سے دو ٹوک موقف کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ، کشمیر کی آزادی تک پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کی جانی اور مالی مدد جاری رکھے گی ۔احتجاجی ریلی سے ثاقب طاہر ، راجہ بابر ناصر ،راجہ ندیم احمد، آسے سوپ ایسوسی ایشن کی صدرڈاکٹر ہما جمشید ، مسلم لیگ ن اسپین کے صدر راجہ اسد حسین ، پی ٹی آئی اسپین کے انفارمیشن سیکریٹری عبدالصبور ،پاک یونائیٹڈ فیڈریشن کے صدر عبدالغفار مرہانہ ، ندائے کشمیر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ مختار سونی ، راجہ فہیم کیانی صدر تحریک آزادی کشمیر برطانیہ اور دوسرے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ملنی چاہیئے ، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا ،برصغیر پاک و ہند میں امن قائم نہیں ہو سکتا ، مقررین کا کہنا تھا کہ 70سال سے نہتے کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،اقوام متحدہ ، امریکا اور دوسری بڑی طاقتوں کو چاہیئے کہ وہ بھارت پر زور دیں کہ وہ اپنی فوج کو کشمیر سے نکالے اور کشمیریوں کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق دیا جائے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت نے جو کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے ،ایسے میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے۔ کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینا ان کا بنیادی حق ہے۔ مقررین نے کہا کہ پورا مقبوضہ کشمیر جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔ کشمیری حریت پسند د ہشت گرد نہیں’ فریڈم فائٹرز ‘ہیں، کیونکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔کشمیریوں کو اقوا م متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کا حق دینا چاہئیے۔ اور ان کو اپنی مرضی کے مطابق زندہ رہنے کا موقع فراہم کیا جائے۔کشمیر جل رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔آخر کب تک انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے ٹھیکیدار چپ رہیں گے۔کشمیری شہدا ءکا خون رنگ لائے گا۔ جلد مقبوضہ کشمیر میںآزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ اقوامِ متحدہ بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دے۔

احتجاجی ریلی میں ملک محمد شریف ، عدیل وڑائچ ، ملک محمد شہباز ، راجہ شیراز ، علی رشید بٹ ، ڈاکٹر عرفان مجید ،ایاز عباسی دوسرے پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد موجود تھی۔شرکاء ریلی کا کہنا تھا کہ آج بارش اور حد درجہ سردی بھی ہمارے ارادوں اور جوش و جذبہ کے سامنے کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کر سکی ،وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے ۔اس موقعے پر ہسپانوی اور دوسری اقوام کے لوگ احتجاجی ریلی کے حوالے سے پوچھتے رہے کہ ماجرا کیا ہے، جس کے جواب میں پاکستانی کمیونٹی نے اسپینش زبان میں کشمیر میں ہونے والے مظالم ، بھارتی فوج کی بربریت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا مخالفت کرنے کا ثبوت دیتی بھارتی سرکار کا اصل چہرہ بیان کیا ،جس پر مقامی ہسپانوی کمیونٹی بھارت کی جانب نے مقبوضہ کشمیرکے عوام پر کئے جانے والے ظلم و ستم پر احتجاج کیا اور کہا کہ انسانیت پر ایسا ظلم بند ہونا چاہیئے ۔

تازہ ترین