• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی کے مسائل کا حل اؤلین ترجیح ہو گی، سفیر پاکستان میڈرڈ

 کمیونٹی کے مسائل کا حل اؤلین ترجیح ہو گی، سفیر پاکستان میڈرڈ

اسپین میں تعینات ہونے والے سفیر پاکستان خیام اکبر نے کہا ہے کہ میڈرڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

جنگ سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت، ایمانداری اور جفا کشی سے یہاں کے مقامی محکموں اور مقامی کمیونٹی کے دلوں میں اپنا وقار اور مقام پیدا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اسپین کی برآمدات اور درآمدات میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے پانچ سو ملین ڈالرز سالانہ کی شرح اب بڑھ کر ایک بلین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔

سفیر پاکستان خیام اکبر نے اپنے ہم منصب رفعت مہدی کی مدت ملازمت پوری ہونے پر چارج سنبھالا ہے۔ سفیر پاکستان کو خوش آمدید کہنے کے لئے پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے چیئر مین مہر جمشید احمد پھولوں کے گلدستے لے کر سفارت خانہ پاکستان پہنچے تھے۔

انہوں نے کمرشل قونصلر ڈاکٹر حامد ، فسٹ سیکرٹری دانش محمود اور سفیر پاکستان خیام اکبر کو پھول پیش کئے اور انہیں سپین کے شہر ویلنسیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نیک جذبات پہنچائے ۔

 کمیونٹی کے مسائل کا حل اؤلین ترجیح ہو گی، سفیر پاکستان میڈرڈ

مہر جمشید احمد نے سفیر پاکستان کو یوم پاکستان کی تقریبات ویلنسیا میں منانے کی دعوت بھی دی ۔پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے چیئر مین سے بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ میں اپنی اسناد ہسپانوی بادشاہ کو پیش کرنے ے بعد باقاعدہ طور پر ویلنسیا اور بارسلونا کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستانیوں کی سب سے زیادہ تعداد بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں مقیم ہے اس لئے اپنی کمیونٹی کو ضرور ملنا ہوگا تاکہ ان کے مسائل میں خود سن سکوں۔

ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ اپریل تک قونصل جنرل بارسلونا بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قونصل جنرل بارسلونا عمران چوہدری کچھ مصروفیات کی بنا پر بارسلونا نہیں پہنچ سکے لیکن اپریل میں وہ اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے تمام پاکستانی برابر ہیں میں جب تک یہاں تعینات رہوں گا سب کے ساتھ بلا امتیاز ملوں گا، میرے دروازے ہر پاکستانی کے لئے کھلے ہیں ،کسی کو بھی کوئی مسئلہ ہو تو وہ بلا جھجھک مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کمرشل قونصلر ڈاکٹر حامد اور فسٹ سیکرٹری دانش محمود کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان آفیسرز پر فخر ہے ، سفیر پاکستان نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو اتفاق و اتحاد سے اکھٹے رہنے اور ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے ہم اپنے مذہب اور وطن عزیز کی صحیح اور مثبت تصویر پیش کر سکتے ہیں۔

 کمیونٹی کے مسائل کا حل اؤلین ترجیح ہو گی، سفیر پاکستان میڈرڈ

انہوں نے کہا کہ یہاں مقیم تمام پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں اس لئے ہم سب کو اپنے ملک کی عزت اور وقار کو بڑھانا ہوگا، ہمیں اپنے کردار ، صحت مندانہ سرگرمیوں اور مثبت کاموں سے پاکستان کا سافٹ امیج یہاں کی مقامی کمیونٹی کو دکھانے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اب تک یہاں جن سرکاری محکموں میں جانے کا اتفاق ہوا وہاں پاکستانی کمیونٹی کی تعریف سن کر دل خوش ہوا ہے ، یہاں کے مقامی محکمے اور کمیونٹی پاکستانیوں کے بارے میں اپنے دل کے اندر نرم گوشہ رکھتی ہے۔

تازہ ترین