• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زبیر گل کیخلاف سازش کو بے نقاب کرنا ہوگا، پاکستانی کمیونٹی اسپین

زبیر گل کیخلاف سازش کو بے نقاب کرنا ہوگا، پاکستانی کمیونٹی اسپین

اسپین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ زبیر گل کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کرنا ہوگا ۔

پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کے ایک اہم اجلاس میں لیگی عہدیداران نے رواں ماہ ہونے والے سینیٹ انتخابات میں تارکین وطن پاکستانیوں کے نمائندہ اُمیدوار زبیر گل کو جان بوجھ کر شکست سے دوچار کرنے میں ملوث ایم پی ایز کی انکوائری کرانے کے متعلق میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اُ ن محرکات کا جائزہ لیں جن کے تحت زبیر گل کو مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے۔

نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے چیئر مین مسلم لیگ ن میاں محمد اظہر نے کہا کہ کیسے ممکن ہے کہ ایک امیدوار کے پاس اتنے ایم پی ایز ہوں کہ جن کے ووٹوں سے وہ جیت سکتا ہے تاہم وہ پھر بھی نہ جیتے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

سرپرست اعلیٰ پی ایم ایل این اسپین حاجی اسد حسین نے کہا کہ ملتان سے سینیٹ کے امیدوار رانا محمود الحسن کو 21ایم پی ایز دیئے گئے تھے لیکن وہ 41 ووٹوں سے جیت گئے، اُن کو باقی ووٹ کس نے ڈالے؟

مجلس عاملہ مسلم لیگ ن اسپین کے چیئر مین چوہدری سکندر حیات مانگٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ زبیر گل کو ایم پی ایز کا جو گروپ دیا گیا تھا ان کی تعداد 48تھی جبکہ زبیر گل کو ووٹ 38کاسٹ ہوئے باقی 10ووٹ کس نے کس امیدوار کو کاسٹ کئے اس معاملے کا پتا لگایا جانا پارٹی معاملات کے لیے بہت ضروری ہے۔

سینئر نائب صدر میاں عمران ساجد نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تارکین وطن کے نمائندہ اور امیدوار سینیٹ زبیر گل کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کریں۔

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ اسپین کے صدر چوہدری افضال وڑائچ نے کہا کہ زبیر گل کو شکست سے دوچار کرانے سے کچھ ایم پی ایز کو دل کی تسلی ملی ہو گی لیکن اس سے سیاسی پارٹیوں میں جو جگ ہنسائی ہوئی ہے اُس کا ذمہ دار کون ہے؟

مسلم لیگ ن اسپین کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد ادریس نے بھی اپنے بیان میں قائدین مسلم لیگ سے مطالبہ کیا کہ تارکین وطن کے حقوق کی ترجمانی کرنے کے لیے زبیر گل ایک معتبر نام ہے، اسے سینیٹ کی سیٹ پر امیدوار نامزد کرکے ہمارے سیاسی قائدین نے دِل خوش کر دیئے تھے لیکن ان کو جیت کیلئے موجود ووٹرز نے ووٹ کاسٹ نہ کرکے زیادتی کی ہے۔

زبیر گل نے برطانیہ کی شہریت تک چھوڑ دی تھی تاکہ وہ سینیٹ میں بیٹھ کر تارکین وطن کے مسائل کو حل کرانے کی بات چیت اور قانون سازی میں شامل ہو سکیں لیکن شائد تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنے کا خواب ابھی شرمندہ تعبیر ہوتا نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 31ووٹ تھے ، ان کے امیدوار چوہدری سرور کو 44ووٹ کیونکر مل گئے ان تمام معاملات پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے پتا چلنا چاہیے کہ ایسا سب کچھ کیوں ہوا۔

تمام عہدیداران نے کہا کہ ہم اپنے قائدین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں لیکن جن ایم پی ایز نے قائدین کے وقار کا پاس نہیں رکھا ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے کیونکہ زبیر گل کے خلاف ہونے والی سازش کو دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے خلاف سازش تصور کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین