• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نقیب قتل کیس، تفتیشی افسر کو مزید مہلت مل گئی

انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے نقیب اللہ محسود سمیت 4 افراد کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے مقدمے کا حتمی چالان جمع کرانے کے لیے تفتیشی افسر کو 7 دن کی مہلت دے دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں واقع اے ٹی سی کورٹ کے منتظم عدالت نے نقیب محسود قتل کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں تفتیشی افسر ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عابد حسین قائم خانی نے منگل کو مقدمے کا حتمی چالان جمع کرانا تھا مگر تفتیشی افسر نے عدالت سے حتمی چالان کی تیاری کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے حتمی چالان جمع کرانے کیلئے 7 دن کی مہلت دے دی۔ عدالت کا آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا اور سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔

عدالت نے مقدمے میں نامزد سابق ایس ایس پی ملیر انوار احمد خان عرف راؤ انوار سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

مقدمے میں سابق ایس ایس پی راؤ انوار اور ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 14 ملزمان مفرور ہیں۔

تازہ ترین