• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک اور نان سی پیک سیکورٹی پر سندھ پولیس کا اجلاس

سی پیک اور نان سی پیک سیکورٹی پر سندھ پولیس کا اجلاس

سی پیک اور نان سی پیک سیکورٹی کے معاملے پر سندھ پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سی پیک اور نان سی پیک پروجیکٹس کیلئے سیکیورٹی اقدامات اور صوبائی فارن سیکیورٹی سیل کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سمیت ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی آر آر، ہیڈ کوارٹرز ،ایس ایس پی ایس پی سیکیورٹی اسپیشل برانچ اور اے آئی جی آپریشنز نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک پروجیکٹ پر غیرملکیوں کی سیکیورٹی ذمہ داریاں براہ راست متعلقہ اسپانسرز کی ہوں گی ۔ اسپانسرز وزارت داخلہ کے ایس او پی کے عین مطابق سیکورٹی فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔

محکمہ داخلہ سے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے دائرہ کار میں وسعت کی منظوری اور ڈی آئی جی ایس پی یو کی پوسٹ کو ڈی آئی جی فارن سیکیورٹی کا نام دینے کی سفارش کردی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی آئی جی ایس پی یو صوبائی فارن سیکیورٹی سیل کا سربراہ ہوگا۔ اس کے علاوہ سی پیک اور نان سی پیک پروجیکٹس سے وابستہ چائنیز اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا ذمہ داری ہوگی۔

ضلعی سطح پر قائم فارنرز سیکیورٹی سیلز سے رابطے کرنا ڈی آئی جی کی ذمہ داری ہوگی۔ ڈی آئی جی کی پوسٹ کی منظوری تک ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ چیئرمین پی ایف ایس سی ہوں گے۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نان سی پیک اسپانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سیکورٹی کے اقدامات اٹھائیں گے۔

ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کو قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے سے رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

تازہ ترین