• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی دورے، کے پی اسمبلی کے ارکان بازی لے گئے

غیر ملکی دورے، کے پی اسمبلی کے ارکان بازی لے گئے

خیبر پختون خوا اسمبلی کے ارکان غیر ملکی دورے کرنے میں پنجاب اسمبلی کے ارکان پر بازی لے گئے، دوروں پر تین گنا زیادہ رقم خرچ کر ڈالی ۔

دی نیوز کے نمائندے وسیم عباسی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت حاصل کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے مجموعی ایک سو چوبیس ارکان کے غیرملکی دوروں پر پانچ کروڑ چھتیس لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے تین سو اکہتر نے غیرملکی دوروں پرایک کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے خرچ کئے،پنجاب اسمبلی سے صرف آٹھ ارکان غیرملکی دوروں پر گئے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے غیرملکی دوروں پر جانے والوں کی تعداد ساٹھ رہی۔

اسپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی اسد قیصر سرکاری خرچ پر دس بار بیرون ممالک گئے جس میں چھ دورے انگلینڈ جبکہ ایک بار امریکا، ایران، اسکاٹ لینڈ اور افریقا بھی گئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال تین بار لندن گئے،یوں خیبرپختونخوا اسمبلی نے غیر ملکی دوروں پر پنجاب اسمبلی کے مقابلے میں تین گنا زیادہ خرچ کیا۔

تحریک انصاف کی قیادت میں خیبرپختونخوا اسمبلی نے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے 5 قوانین بھی منظور کئے،تاہم اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ خیبرپختون خوا اسمبلی نے دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات کے بعد سے اب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کے مقابلے میں زیادہ قوانین منظور کئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی نے ایک سو تریسٹھ سرکاری بل منظور کئے جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک سو بہتر بل منظور ہوئے۔

تازہ ترین