• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جلد کی حفاظت کیلئے ضروری وٹامنز

سلیم انور عباسی 

وٹا منز یا حیاتین جِلد کی نشونما اور غذائیت برقرار رکھنے میں بہت نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔یہ ہمارے جسم کے بنیادی ڈھانچے کا اہم حصہ ہیں۔ہمیں صحت مند زندگی گزارنے کے لئے وٹامنز کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔ ۔وٹامن اے۔ بی۔ سی۔ای اور کے جلد کے لئے سب سے زیادہ ضروری ہیں۔وٹامن اے جلد کی خشکی اور تھکاوٹ دور کرتا ہے۔اس کی کمی سے جلد خشک ہوجاتی ہے اور خشکی سے جلد میں پیڑیاں جمنے لگتی ہیں وٹامن اے بڑھتی عمر کی وجہ سے پیدا ہونے والے جلد کے مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔ 

اس کے علاوہ یہ جلد کو کیل مہاسوں ، چھائیوں اور جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔وٹامن بی آپ کی رنگت کو خوبصورت بناتا ہے۔وٹامن بی کامپلیکس جلد کو ضروری تیل فراہم کرتاہے۔یہ جلد کو ہمیشہ جوان رکھتا ہے۔ وٹامن بی کی کمی جلد پر دھبوں ، خشکی، جھریوں اور ہونٹ پھٹنے کا سبب بنتی ہے ۔وٹامن سی جلد میں جراثیم کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے۔یہ کولیجن فائبر بنا نے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے اور جلد کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔

وٹامن ڈی جسم میں کیلشیم کو جذب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط اورصحت مند بناتا ہے۔ جسم میں کسی ایک بھی وٹامن کی کمی جلد کو متاثر کر سکتی ہیں۔دن بھر کی محنت و مشقت یا بیماری سے جسم میں وٹامنز کی کمی ہوجاتی ہے۔اس لئے جلد کی تازگی اور مناسب نشوونما کے لئے اضافی وٹامنز کا استعمال کرنا چاہئے۔

اپنی جلد کو نئی حیات بخشئے، بائیوٹن اپنائیے

بائیوٹن، وٹا من۔بی کی ایک شکل ہے۔ یہ آپ کی جلد اور جسم کے دوسرے حصوں کیلئے انتہائی کارآمد ہے۔جلد کے بنیادی خلیے ہیں جو کہ اِسی سے بنتے ہیں، بائیوٹن کی کمی سے آپ جِلدی بیماری ڈرما ٹیٹس کا شکار ہو سکتے ہیں ۔اِس کے علاوہ یہ جِلدی خارش اور جِلد کی توڑپھوڑ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔اس لئے آپکے جسم میں وٹامن۔بی کا متوازن ہونا انتہائی ضروری ہے۔

 اگرچہ ہمارا جسم اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے بائیوٹن خود پیدا کرتا ہے مگر اس کی کمی کو دوسری غذاؤں سے پورا کیا جا سکتا ہے جن میں چاول،انڈہ،جئی کا آٹا اور پھل جیسے کیلا وغیرہ شامل ہیں۔

سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصان کو کم کر کے جِلد نکھارئیے

اگر آپ اپنی جلد کو سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بچا کر اپنے ٹشوز کو توڑپھوڑ سے بچانا چاہتے ہیں تو آپ کو وٹامن۔سی زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔یہ جِلد کی ساخت کو بہتر بناتا ہے اور اِس میں چمک دمک پیدا کرتا ہے۔یہ بیماریوں کے خلاف جسم میں قوت مدافعت پیدا کرتا ہے اور جِلد کی خوبصورتی بڑھاتا ہے۔

جِلد کو جھریوں سے بچائیے اور ہموار بنائیے

اپنی جِلد کو خوبصورت ،ہموار بنانے کے لئے اور سورج کی گرمی اور جھریوں سے بچانے کے لئے ایسی غذائیں اور ایسی خوراک استعمال کرنی چاہیے جو کہ وٹامن۔ای سے بھرپور ہوں۔ سبزیاں اور کئی قسم کے بیج بھی وٹامن۔ای حاصل کرنے کا آسان ذریعہ ہیں۔اس کے علاوہ جِلد کی دیکھ بھال کے لئے وٹامن ۔ای سے تیار شدہ بہت سی مصنوعات مارکیٹ سے باآسانی دستیاب ہیں۔

آنکھوں کے گرد حلقے اور جِلد کے داغ ختم کیجیے

کام کی زیادتی، کمزوری یا نیند کے ٹھیک طرح سے پورا نہ ہونے کی وجہ سے آنکھوں کے گِرد حلقے نمودار ہو جاتے ہیں۔ وٹامن۔کے ان کو ختم کرنے کا موثر ذریعہ ہے۔ وٹامن۔کے کی کمی کے نتیجے میں کمزوری کی وجہ سے یہ حلقے پیدا ہوتے ہیں۔ وٹامن۔کے کی کمی کو بند گوبھی،پالک اور سبز پیاز کے استعمال سے پورا کیا جاسکتا ہے۔

ان سب وٹامنز کے متوازن استعمال سے آپ اپنی جِلد کو حسین،شاداب اور ہمیشہ تازہ اور روشن رکھ سکتے ہیں۔

وٹامن ای کے یہ پانچ استعمال آپ کو خوبصورت بنا سکتے ہیں

وٹامن ای کے تیل کو باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو قدرتی خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ وٹامن ای ایک اینٹی آکسیڈنٹ اور نیوٹرئینٹ ہے۔ میک اپ کی مصنوعات میں وٹامن ای کے تیل کا استعمال کثیر مقدار میں کیا جاتا ہے کیونکہ یہ جلد کو خوبصورت بناتا ہے اور تروتازہ رکھتا ہے۔

وٹامن ای سپلیمنٹ کی شکل میں بھی ملتا ہے جبکہ بادام، مونگ پھلی، سبزیوں کے تیل، سورج مکھی اور سویابین کے تیل، گندم اور مکئی میں بھی وافر موجود ہوتا ہے۔ بازاروں میں وٹامن ای کا تیل چھوٹے چھوٹے کیپسول میں کافی کم قیمت میں دستیاب ہوتا ہے۔

حلقوں کا خاتمہ کریں

آنکھوں کے گرد حلقے بہت برے لگتے ہیں۔ خواتین حلقے چھپانے کے لیے مختلف مشقتیں اٹھاتیں ہیں۔ وٹامن ای کے تیل کی مدد سے ان حلقوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ آنکھوں کے گرد حلقے ختم کرنے کے لیے وٹامن ای کے تیل کو آلو کے رس کے ساتھ ملا کر ایک نرم برش کی مدد سے آنکھوں کے گرد باقائدگی سے لگائیں۔ دو ہفتوں میں حلقوں میں نمایاں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین