• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کے نامزد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا تعلق چاغی سے

پی پی کے نامزد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا تعلق چاغی سے

سینیٹ کے چیئرمین کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان سے نومنتخب سینیٹر میر صادق سنجرانی کو نامزد کردیا ہے، میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے۔

میر صادق سنجرانی 14اپریل 1978کوبلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے ،انہوں نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی اور بعد ازاں  انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا ۔

ان کے والد محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے نمایاں قبائلی رہنما ؤں میں ہوتا ہے اور وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں، میر صادق سنجرانی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔

ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثنا ء اللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے، حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔

میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سیندک پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر رہے، میر صادق سنجرانی 1998میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآرڈینیٹر رہے،2008میں جب یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم پاکستان بنے تو ان کی جانب سے قائم کئےگئے شکایات سیل کے سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا اور وہ پانچ سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔

صادق سنجرانی نے تین مارچ 2018کو بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینیٹ کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کرکےسینیٹر منتخب ہوئے ، سنیٹر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پہلی پریس کانفرنس میں ہی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔


تازہ ترین