• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب، عمران کے بلین ٹری منصوبے میں مبینہ خوردبرد کی تحقیقات، چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری پر نوازشریف کے خلاف بھی انکوائری

نیب، عمران  کے بلین ٹری منصوبے میں مبینہ خوردبرد کی تحقیقات، چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری پر نوازشریف کے خلاف بھی انکوائری

اسلام آباد( طاہر خلیل) نیب نے خیبرپختونخوا میں عمران خان کے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خوردبرد کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مبینہ غیر قانونی تقرری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دیدی ہے ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی یقینی بنانے کیلئے قانونی اقدامات کئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی صدارت میں اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں ہوا ۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کیخلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چیئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔نیب اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کیخلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے۔ نیب میں جاری راولپنڈی،اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف متعلقہ اداروں ، سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کی طرف سے غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی خصوصاََ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورتحال اور نیب میں غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کیخلاف جاری انکوائریوں اور انوسٹی گیشن پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کوہدایت کی کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی نہ صرف یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں بلکہ نیب میں جاری تمام انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو بر وقت مکمل کر کے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ وہ سادہ لوح عوام کو غیر قانونی نجی اور کوآپریٹو ہائو سنگ سوسائٹیز کے متعلق نہ صرف بر وقت آگاہی فراہمی کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔

تازہ ترین