• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

فلسطینی وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

فلسطین کے وزیراعظم رامی حمد اللہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔

عرب ٹی وی کے مطابق فلسطین کے وزیراعظم رامی حمد اللہ غزہ کی پٹی میں سیوریج لائن کے ایک منصوبے کا افتتاح کرنے پہنچے تھے،وزیراعظم کے ساتھ فلسطینی انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فرج بھی موجود تھے۔

وزیراعظم رامی حمد اللہ کا قافلہ غزہ کی پٹی کی جانب روان دواں تھا کہ اسی دوران ان کے قافلے کے قریب زوردار دھماکا ہوا دھماکے میں7افراد زخمی ہو ئے جبکہ قافلے میں موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور تین گاڑیوں کوشدید نقصان پہنچا۔دھماکے کے زخمیوں کے خون کی چھیٹیں قافلے کی گاڑیوں پربھی آئیں۔

خوش قسمتی سے وزیراعظم رامی حمد اللہ اورفلسطینی انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فرج دونوں ہی حملے میں محفوظ رہے۔


فلسطینی صدارتی اتھارٹی نے فلسطینی وزیراعظم اور انٹیلی جنس چیف کے قافلے کے قریب بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں حماس تنظیم کو ملوث ٹھہرایا ہے۔

واقعے کی حماس تنظیم کی جانب سے بھی رامی حمد اللہ کے قافلے کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہو ئےاسے مجرمانہ کارروائی اور غزہ کی پٹی کے امن کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

حماس تنظیم کا کہنا ہے کہ دھماکے کا مقصد مصالحت اور یک جہتی کی کوششوںکو متاثر کرنا ہے۔ واقعے کی فوری طور پر تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہئیں۔

واضح رہے کہ سیوریج کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے 7اعشاریہ 5 کروڑ ڈالر زکی امدادعالمی بینک، یورپی یونین نے کی ہے۔

تازہ ترین