• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک بورڈکا ایڈمٹ و انرولمنٹ کارڈ، امتحانی مراکز کا اعلان

میٹرک بورڈکا ایڈمٹ و انرولمنٹ کارڈ، امتحانی مراکز کا اعلان

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات خالد احسان نے 28مارچ2018ء سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات برائے جماعت نہم و دہم سائنس اور جنرل ریگولر وپرائیویٹ کے ایڈمٹ کارڈزاور امتحانی مراکز کا سامان جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے سربراہان یا ان کے نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ مقررہ تاریخوں میں میٹرک بورڈ کے کانفرنس ہال پہلی منزل بلاکBسے صبح ساڑھے9بجے سے شام 5بجے تک دی گئی تاریخوں کے مطابق ایڈمٹ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پرائیویٹ طلباء وطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں، نہ ملنے کی صورت میں20مارچ کو فیس چالان کی سلپ اور گزشتہ ایڈمٹ کارڈ کی کاپی کے ہمراہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن بلاک Aکمرہ نمبر5 سے رابطہ کر کے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ 14مارچ کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد،15مارچ کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، 16مارچ کو ملیر، بن قاسم، گڈاپ، کورنگی، صدر، لیاری، سائٹ، 17مارچ کوبلدیہ، اورنگی، لانڈھی کے اسکولوں کے ذمہ داران مقررہ اوقات میں ایڈمٹ و انرولمنٹ کارڈز حاصل کر سکتے ہیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 16مارچ 2018ء کو امتحانی مراکز کا سامان بھی ایگزامینشن اسٹور بورڈ آفس سے متعلقہ مراکز کے سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اسی طرح پارٹ ون (جماعت نہم)سائنس و جنرل گروپ ریگولر کے انرولمنٹ بھی شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس میں متعلقہ سیکشن سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

اس ضمن میں سیکٹر 1سے 9 تک 14مارچ، سیکٹر 10سے 18تک 16مارچ، سیکٹر 19سے 27 تک 20مارچ اور سیکٹر 28 سے 36تک 22مارچ تک انرولمنٹ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔


تازہ ترین