• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ سندھ کی ایران پاکستان بزنس فورم میں شرکت

وزیر اعلیٰ سندھ کی ایران پاکستان بزنس فورم میں شرکت

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مقامی ہوٹل میں ایران پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی۔

تقریب میں ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف ، ایران کے پاکستان میں مقرر سفیر مہدی ہنر دوست، وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، ایران کے قونصل جنرل احمد محمدی، ایف پی سی سی آئی ،کراچی چیمبر کے عہدیداران اور ایران کے اعلیٰ تجارتی وفدنےبھی شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے پاک ایران تجارت میں اضافہ ہوگا، صدر آصف علی زرداری نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے پروجیکٹ پر دستخط کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایران کا قومی ترانہ فارسی میں سن کر مجھے ایران اور سندھ کے قدیم تعلقات یاد آگئے، ایک دور میں سندھ میں فارسی زبان پڑھائی جاتی تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان اور سندھ لانے پر وزیر خارجہ جواد ظریف کے شکر گزار ہیں، سندھ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، تھر میں کول انرجی ،ٹھٹھہ، جام شورو اورسکھر میں ری نیو ایبل انرجی میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں بہت سی چیزیں یکساں ہیں، پاکستان کا قومی ترانہ بھی فارسی میں ہے،سندھ میں پہلے فارسی بھی پڑھائی جاتی تھی لیکن بدقسمتی سے اب انگریزی میں بات کر رہے ہیں،پاک ایران گیس پائپ لائن پر پیش رفت نہ ہونا بدقسمتی ہے، سندھ میں کوئلے کے وسیع ذخائر ہیں تھر میں کوئلے کی کان کنی 60 فیصد مکمل ہوچکی، آئندہ سال مارچ اپریل تک تھر سے 660 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو کوئلے سے بجلی کے منصوبوں سمیت متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں،ایرانی کمپنیاں کراچی اور سندھ کے انفرااسٹرکچر میں بھی موجود امکانات سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں، ایرانی کمپنیاں سندھ حکومت کے ساتھ مل کر سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کریں۔

تازہ ترین