• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گاڈ فادر کی جگہ ڈان آگیا، سوال کرنے کے بجائے چوری کا حساب دو، عمران خان

گاڈ فادر کی جگہ ڈان آگیا، سوال کرنے کے بجائے چوری کا حساب دو، عمران خان

گجرات (جنگ نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ گونواز گو بہت ہوگیا اب شہبازشریف کی باری ہے، گاڈ فادر کی جگہ ڈان آگیا ہے۔ گجرات میں ٹانڈہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب عدالت نااہل قراردیتی ہے توکہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، نوازشریف لوگوں کو پاگل بنارہے ہیں، وہ بتائیں ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے؟ جب اربوں روپے کی پراپرٹی نکل آئی تو نوازشریف کوبتانا چاہیے تھا کہ وہ کیسے بنائی، سوال کرنے کے بجائے چوری کا حساب دو۔ انہوں نے کہا کہ یہ 30 سال سےباریاں لے رہے ہیں، یہ امیر اور ہم غریب ہوئے، ہم ایک نئی قسم کی سیاست کررہے ہیں، نئے پاکستان میں انسانوں پرپیسا خرچ ہوگا، ہم ایسے امیدوار دیں گے جو ہم سے مل کر تبدیلی لائیں گے۔ دوسری جانب شہبازشریف کی جانب سے نوازشریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دینے پر عمران خان نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کدھر قائداعظم اور شہباز شریف اور نوازشریف کدھر تم، شہبازشریف تمہیں اتنا بڑا جھوٹ بولتے شرم نہیں آتی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف تو فارغ ہوگئے اور شہبازشریف تمہاری باری آنے والی ہے۔ گجرات میں ہی جی ٹی ایس جلسہ گاہ میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹا ڈاکو جیل میں اور بڑا ڈاکو ملک کا وزیراعظم بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیراعظم چور ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، اگر گھر کا سربراہ ہی گھر کو لوٹتا رہے تو گھر کا کیا حال ہوگا۔

تازہ ترین