آپ آف لائن ہیں
جمعرات6؍شوال المکرم 1439ھ21؍جون 2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ٹرمپ نے ٹلرسن کو فارغ کردیا، پومپیو وزیرخارجہ مقرر، جینا ہاسپیل سی آئی اے چیف ہوں گی

اواشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے ، اُن کی جگہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو امریکہ کا نیا وزیر خارجہ مقرر کر دیا ہے۔مبصرین اسے صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی کی ٹیم میں ایک بڑی تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔مائیک پومپیو ایران جوہری معاہدے کے سخت مخالف ، سی آئی اے تشدد کے طریقہ کار کے حامی اوربدنام زمانہ امریکی جیل گوانتنا مو بے کی بندش کے سخت مخالف رہے ہیں ۔ صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز ٹلرسن سے عہدہ چھوڑ دینے کے لئے کہا تھا جس کے بعد ٹلرسن اپنا افریقی ممالک کا دورہ مختصر کر کے پیر کے روز واپس واشنگٹن پہنچ گئے تھے۔اُن کی جگہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ سی آئی کی ڈپٹی ڈائریکٹر جینا ہیپسل سی آئی اے کی ڈائریکٹر مقرر کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے:’’سی ائی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو ہمارے نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔ وہ اس عہدے کے فرائض شاندار طریقے سے

x
Advertisement

انجام دیں گے۔ ریکس ٹلرسن کے خدمات کے لئے شکریہ۔ جینا ہیپسل سی آئی اے کی نئی ڈائریکٹر ہوں گی جو اس عہدے کے لئے پہلی خاتون ہوں گی۔ ان سب کو مبارکباد!‘‘۔ صدر ٹرمپ اور ریکس ٹلرسن کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی افواہیں کئی ماہ سے گردش کرتی رہی ہیں۔ تاہم ٹلرسن نے تعلقات میں کشیدگی کی مسلسل تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اُن کے تعلقات نہایت مضبوط ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دو اہل کاروں نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن سے متوقع سربراہ ملاقات سے قبل اپنی ٹیم میں تبدیلیاں مکمل کر لینا چاہتے تھے۔وزیر خارجہ مقرر ہونے سے پہلے ریکس ٹلرسن کو سفارت کاری یا سیاست کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ نئے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ صدر ٹرمپ کے تعلقات بہت اچھے ہیں جو ریاست کینساس سے رپبلکن پارٹی کے کانگریس مین رہ چکے ہیں۔جنوری 2017 میں ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد سے بہت سے اہل کار یا تو مستعفی ہو چکے ہیں یا پھر اُنہیں برطرف کر دیا گیا ہے۔ریکس ٹلرسن برطرف کئے جانے والے اہل کاروں میں اعلیٰ ترین عہدے کے حامل تھے۔ اُن کے علاوہ برطرف کئے جانے والے یا مستعفی ہونے والے اہل کاروں میں اسٹیو بینن، قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن، ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی، وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف رائینس پریبس، وزیر صحت ٹام پرائس، اقتصادی مشیر گیری کوہن اور پریس سیکرٹری شان پرائس شامل ہیں۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں