• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائیونڈ، اجتماع گاہ خودکش دھماکا، ٹی ٹی پی نے ذمہ داری قبول کرلی

رائیونڈ، اجتماع گاہ کے باہر پولیس چوک پر خودکش دھماکا، 9 شہید

لا ہور (نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل) رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے باہرقائم پولیس چیک پوسٹ پرہونے والے خود کش دھماکے میں 5پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد شہیداور 20سے زائد زخمی ہوگئے،شہداء میں5پولیس اہلکار اور4 شہری شامل ہیں حملہ آور تبلیغی اجتماع تک جانا چاہتا تھا،چیک پوسٹ پر روکا تو ملزم نے خود کو اڑا لیاجسکے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال رائیونڈ اور دیگر بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور عملے کو گھروں سے طلب کر لیا گیا۔جنرل اسپتال لاہو رمیں 8جبکہ جناح اسپتال میں 4زخمیوں کو لایا گیا جبکہ زیادہ تر زخمیوںاور شہید ہونے والوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال رائیونڈ لے جایا گیا۔ واقعے کے بعد صوبے بھر میں حساس تنصیبات ،تعلیمی ادارو ں،عبادت گاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی میں اضافہ اور داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے باہر قائم پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 5پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد شہید جبکہ 20سے زائد افراد زخمی ہو گئے جنہیں تحصیل ہیڈ کواٹر اسپتال رائیونڈ سمیت جناح اسپتال لاہور او ر لاہور جنرل اسپتال لے جایا گیا جہاں دھماکے کے فوری بعد ہی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔عینی شاہدین کے مطا بق دھماکے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس سے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ کی لپیٹ میں آ گئی دھماکے کی اطلاع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی اسپتال پہنچ گئے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھماکے میں 9 افراد شہید جبکہ 20زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں علاج معالجہ فراہم کیا جارہا ہے زیادہ تر زخمیوں کو پیٹ سینے اور ٹانگوں پر زخم آئے ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر محمد اسلم ، کانسٹیبل تنویر ، کانسٹیبل سعید ، عامر آفریدی ، اور چارنامعلوم شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل نعیم ، کانسٹیبل شبیر ، کانسٹیبل اسرار ، کانسٹیبل عابد حسین ، کانسٹیبل ابرار حیات ، کانسٹیبل محمد فاروق ، کانسٹیبل محمد اکرم ، سب انسپکٹر منظور ، اے ایس آئی کرامت کے علاوہ محمد یاسین ، محمد سعید ، فریداللہ، ذیشان ، عاصم آفریدی کے علاوہ دیگر شامل ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور ہر موٹر سائیکل کے استعمال بارے اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایس پی صدر ڈویثرن کا کہنا تھا کہ دھماکا خود کش تھا۔ وزیر اعلی پنجا ب محمد شہباز شریف نے رائیونڈروڈ پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئےانسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے- وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے رائیونڈ روڈ پر پولیس چوکی کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے- آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو اپنے اپنے ریجن اور اضلاع میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی بڑ ھا نے کے ساتھ ساتھ سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ اور مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کرنے کاحکم دیا ہے۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے برطانوی خبررساں ایجنسی کے صحافی کو بھیجے گئے واٹس ایپ پیغام میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

تازہ ترین