• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پی ایس ایل فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 25 مارچ کو کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے فائنل کے لیے تمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئے۔

ٹکٹس کی فروخت پر مامور کورئیر کمپنی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کے تمام 15 انکلوژر کے ٹکٹس فروخت ہوگئے ہیں، ٹکٹس کی مالیت ایک، 4، 8 اور 12 ہزار روپے تھی۔


کورئیر کمپنی کی مقرر کردہ 32 شاخوں پر ٹکٹس کی فروخت کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوالیکن شائقین برانچ کھلنے سے پہلے قطاریں لگائے کھڑے تھے، ابتدائی 2 گھنٹے میں ایک ہزار روپے میں دستیاب ٹکٹ ختم ہوئے۔

ابتدائی چند گھنٹوں میں ایک، 4 اور 8 ہزار والے ٹکٹ فروخت ہوئے اور بعدازاں کوریئر کمپنی کی جانب سے تمام انکلوژرز کے ٹکٹس فروخت ہوجانے کا اعلان کردیا گیا۔

کوریئر کمپنی کی مختلف شاخوں پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد صبح سے قطاروں میں موجود تھی۔

بعض شائقین نے الزام عائد کیا کہ ایک ہزار روپے کے ٹکٹ چھپا لیے گئے۔

ٹکٹ کے حصول کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ ساتھ لے جانے کی ہدایت کی گئی تھی اور ایک شناختی کارڈ پر صرف 5 ٹکٹ ہی خریدے جاسکتے تھے۔

تازہ ترین